ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انڈین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی تشویش کا باعث بن گئی، ایونٹ میں 9 کیچز ڈراپ کئے

کولمبو ۔19فروری (اے پی پی):ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انڈین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ دفاعی چیمپئن انڈین کرکٹ ٹیم نے سوریاکمار یادیو کی قیادت میں ابتدائی مرحلے کے چاروں مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ تو بنا لی ہے، تاہم کیچ چھوڑنے کی بڑھتی ہوئی تعداد نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق انڈین کرکٹ ٹیم نے چار میچوں میں …

کولمبو ۔19فروری (اے پی پی):ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انڈین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ دفاعی چیمپئن انڈین کرکٹ ٹیم نے سوریاکمار یادیو کی قیادت میں ابتدائی مرحلے کے چاروں مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ تو بنا لی ہے، تاہم کیچ چھوڑنے کی بڑھتی ہوئی تعداد نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق انڈین کرکٹ ٹیم نے چار میچوں میں مجموعی طور پر 9کیچ چھوڑے جو ایونٹ میں شریک بیس ٹیموں میں دوسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس فہرست میں آئرلینڈ کرکٹ ٹیم نے دس چھوڑے جو کہ پہلے نمبر پر ہے جبکہ نمیبیا کی کرکٹ ٹیم چھ کیچز چھوڑ کر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق انڈین فاسٹ بولر ویرون آرون نے کہا کہ گزشتہ ایک سے ڈیڑھ برس کے دوران انڈین کرکٹ ٹیم کی کیچ تھامنے کی شرح 70فیصد سے بھی کم رہی ہے اور تقریباً ہر میچ میں دو سے تین یقینی مواقع ضائع ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیدرلینڈز کے خلاف ایک کیچ کے دوران سوریاکمار یادیو اور رنکو سنگھ آپس میں ٹکرا بھی گئے تھے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی کھلاڑی زخمی نہیں ہوا۔ورون آرون نے خبردار کیا کہ ناک آؤٹ مرحلے میں معمولی سی غلطی بھی انڈین کرکٹ ٹیم کو مہنگی پڑ سکتی ہے اور اگر فیلڈنگ میں بہتری نہ لائی گئی تو ایک بھی چھوڑا گیا کیچ ٹیم کو ایونٹ سے باہر کر سکتا ہے۔