ڈھاکہ۔16جنوری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)آئندہ چند دنوں میں ایک وفد ڈھاکہ بھیجے گی ، جو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سے حتمی بات چیت کے بعد آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کی شرکت سے متعلق فیصلہ کرے گا۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق یہ بات سپورٹس ایڈوائزر آصف نذرالاسلام نے فارن سروس اکیڈمی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے …
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر فیصلے سے قبل آئی سی سی وفد کی ڈھاکہ آمد متوقع

مزید خبریں
ڈھاکہ۔16جنوری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)آئندہ چند دنوں میں ایک وفد ڈھاکہ بھیجے گی ، جو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سے حتمی بات چیت کے بعد آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کی شرکت سے متعلق فیصلہ کرے گا۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق یہ بات سپورٹس ایڈوائزر آصف نذرالاسلام نے فارن سروس اکیڈمی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی، جبکہ بی سی بی نے بھی آئی سی سی وفد کی آمد کی تصدیق کر دی ہے۔آصف نذرالاسلام کے مطابق بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ آئی سی سی کی ایک ٹیم بات چیت کے لیے بنگلہ دیش آ سکتی ہے۔
ہمارے مؤقف میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں۔ ہم ورلڈ کپ کھیلنے کے خواہشمند ہیں، خاص طور پر سری لنکا میں اور مجھے پختہ یقین ہے کہ اس کا انتظام ناممکن نہیں۔آئی سی سی کا یہ دورہ منگل کو آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان ہونے والی وڈیو کانفرنس کے بعد ہو رہا ہے، جس میں بھارت میں میچز کے انعقاد سے متعلق سکیورٹی خدشات کے تناظر میں بنگلہ دیش کی شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔بی سی بی نے باضابطہ طور پر آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ بھارت میں طے شدہ بنگلہ دیش کے میچز کسی متبادل مقام پر منتقل کیے جائیں، کیونکہ موجودہ حالات میں کھلاڑیوں، آفیشلز اور معاون عملے کی سلامتی اور سکیورٹی کے حوالے سے شدید خدشات ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت مزید سنگین ہوا جب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ہدایت کی کہ وہ بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 سکواڈ سے ریلیز کریں، جس پر عمل بھی کیا گیا۔آن لائن اجلاس میں بی سی بی کی نمائندگی صدر امین الاسلام، نائب صدور شقاوت حسین اور فاروق احمد، ڈائریکٹر اور کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیئرمین نظم العابدین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نظام الدین چودھری نے کی۔اجلاس کے دوران بی سی بی نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں ٹیم بھارت کا سفر نہیں کرے گی اور ایک بار پھر آئی سی سی سے متبادل مقام پر میچز کرانے کی درخواست کی۔
آئی سی سی نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹورنامنٹ کا شیڈول پہلے ہی طے ہو چکا ہے اور بی سی بی سے اپنے فیصلے پر نظرِثانی کی اپیل کی، تاہم بورڈ اپنے مؤقف پر قائم رہا۔دونوں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے اور باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے آئی سی سی کے ساتھ تعمیری مذاکرات جاری رکھے گا۔واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 7 فروری کو ہوگا۔
بنگلہ دیش کو افتتاحی روز کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں دو مرتبہ کی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔ اس کے بعد 9 فروری کو اٹلی، پھر 2022 کی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف بھی کولکتہ میں مقابلے شیڈول ہیں، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 17 فروری کو نیپال کے خلاف کھیلا جانا ہے۔آئی سی سی سے توقع ہے کہ مجوزہ ڈھاکہ ملاقات کے بعد بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔








