ٹی 20ورلڈ کپ 2026: بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے ہرا دیا

کولمبو۔15فروری (اے پی پی):بھارت نے اتوار کو آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی۔176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 18 اوورز میں صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ صاحبزادہ فرحان (صفر)، صائم ایوب (6) اور کپتان سلمان علی آغا (4) پہلے دو اوورز …

کولمبو۔15فروری (اے پی پی):بھارت نے اتوار کو آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی۔176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 18 اوورز میں صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ صاحبزادہ فرحان (صفر)، صائم ایوب (6) اور کپتان سلمان علی آغا (4) پہلے دو اوورز کے اندر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ عثمان خان نے بابر اعظم کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 21 رنز بنائے تاہم بابر اعظم (5) پانچویں اوور میں اکشر پٹیل کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔30 سالہ عثمان خان نے آل راؤنڈر شاداب خان کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 39 رنز کی شراکت داری قائم کی ۔

عثمان خان 34 گیندوں پر 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔عثمان کے آؤٹ ہوتے ہی محمد نواز (4) اور سیٹ بیٹر شاداب خان (14) لگاتار اوورز میں آؤٹ ہوئے۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف (10) اور شاہین شاہ آفریدی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 19 رنز بنائے ۔ چکرورتی نے 16ویں اوور میں ابرار احمد کو بھی صفر پر آؤٹ کردیا۔ آخر میں ہاردک پانڈیا نے عثمان طارق کو بولڈ کر کے بھارت کو فتح دلا دی۔بھارت کی جانب سے بمراہ، پٹیل، پانڈیا اور چکرورتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادو اور تلک ورما کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کارگر ثابت نہ ہوا اور بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 175 رنز بنائے۔ بھارت کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور کپتان سلمان آغا نے پہلے ہی اوور میں ابھیشیک شرما کو صفر پر آؤٹ کر کے بڑی کامیابی حاصل کی تاہم ایشان کشن نے تلک ورما (25) کے ساتھ 87 رنز کی شراکت قائم کر کے بھارت کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ ایشان کشن نے 40 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان سوریا کمار یادو نے 32 اور شیوم دوبے نے 27 رنز بنا ئے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔