پالیسیوں کا تسلسل، پائیدار امن، مصنوعی ذہانت، جدت طرازی اور اقتصادی سفارت کاری پاکستان کے معاشی مستقبل کے بنیادی ستون ہیں ، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کا کیلیفورنیا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پالیسیوں کا تسلسل، پائیدار امن، مصنوعی ذہانت، جدت طرازی اور اقتصادی سفارت کاری پاکستان کے معاشی مستقبل کے بنیادی ستون ہیں جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پالیسیوں کا تسلسل، پائیدار امن، مصنوعی ذہانت، جدت طرازی اور اقتصادی سفارت کاری پاکستان کے معاشی مستقبل کے بنیادی ستون ہیں جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔جمعرات کو وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات سے جاری بیان کے مطابق اپنے دورۂ کیلیفورنیا کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات میں ملک کے معاشی مستقبل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی علم، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر "سب سے پہلے پاکستان” کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اوپن (OPEN) کے بورڈ اراکین کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کی اختراعی معیشت، ٹیکنالوجی اور کاروباری ترقی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری کو مزید مؤثر بناتے ہوئے پاکستانی سفارتی مشنز کو تجارت، برآمدات اور ٹیکنالوجی تعاون کے فروغ کے مراکز بنایا جائے گا۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے مشاورتی گروپس قائم کیے جائیں گے جبکہ تعلیمی نصاب کو بھی مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سلیکون ویلی اور پاکستان کے نیشنل انوویشن سینٹرز کے درمیان شراکت داری کے ذریعے پاکستانی اسٹارٹ اپس کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی انجینئرز اور آئی ٹی ماہرین عالمی معیار کی صلاحیتوں کے حامل ہیں اور ان کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پلگ اینڈ پلے کے پاکستان میں آغاز کی راہ ہموار کرنے کے لیے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس شراکت داری کے تحت اسلام آباد اور کراچی کو انوویشن ہبز کے طور پر فروغ دیا جائے گا، جبکہ ملک کی ممتاز جامعات کے 300 اسٹارٹ اپس کو عالمی معیار کے ایکسیلیریشن پروگرامز سے منسلک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے پاکستانی اسٹارٹ اپس کو دنیا بھر کی 600 سے زائد عالمی کمپنیوں سے رابطے اور تعاون کے مواقع میسر آئیں گے، جس سے پاکستان کی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کو فروغ ملے گا۔

مزید خبریں