وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سید مصطفی کمال نے جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے موقع پر سعودی عرب، سوڈان اور شام کے وزرائے صحت سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں فریقین نے صحت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
پاکستان، سعودی عرب، سوڈان اور شام کا صحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سید مصطفی کمال نے جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے موقع پر سعودی عرب، سوڈان اور شام کے وزرائے صحت سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں فریقین نے صحت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقاتوں میں صحت کے شعبے میں جاری پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شریک ممالک نے صحت عامہ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ اقدامات کے فروغ اور صحت کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے شعبہ صحت میں جامع اصلاحات جاری ہیں جس کا مقصد عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو جدید بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ویکسین کے شعبے میں تیزی سے خود کفالت کے حصول کی طرف بڑھ رہا ہے اور مقامی ویکسین کی تیاری کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے اپنی قومی ویکسین پالیسی بھی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔








