پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہیں گے، وزیراعظم محمد شہبازشریف

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہیں گے، ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے، ہمیں قومی مفاد کیلئے سیاسی وابستگیوں کو بھْلا کر ایک ہونا ہوگا۔ وزیراعظم آفس کے پریس وِنگ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر مظفر آباد میں کْل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے، اگر ہم اسی طرح قومی ایشوز پر اتحاد قائم رکھیں تو کشمیر کی آزادی دور نہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے راہنماؤں نے وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی 5 فروری یومِ یکجہتیِ کشمیر پر کشمیریوں کے درمیان موجودگی کو کشمیر کاز کیلئے انتہائی خوش آئند قرار دیا اور وزیرِ اعظم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی میں بھارتی کی ظلم و جبر کی داستان کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے وزیرِ اعظم کے موجودہ دورے کو ان کی کشمیر کاز کیلئے ذاتی دلچسپی کا عکاس قرار دیا۔ ملاقات میں اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمود احمد ساغر، الطاف حسین وانی، محمد حسین خطیب، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم اور منظور احمد الیاس ضیاء حسین نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، مرتضیٰ جاوید عباسی اور مشیرِ وزیرِ اعظم قمر الزماں کائرہ بھی موجود تھے۔