پاکستانی عازمین حج کیلئے ریاض الجنہ کی حاضریوں کا آغاز،335 پاکستانی عازمین حج کی ریاض الجنہ کی حاضری خرم شہزاد

مسجد نبوی ﷺ میں پاکستانی عازمین حج کے لیے ریاض الجنہ کی حاضریوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔کوآرڈینیٹر مدینہ کاشف حسین، ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل ، اور ریاض الجنہ ٹیم کے انچارج زبیر نیازی کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

مدینہ منورہ۔21اپریل (اے پی پی):مسجد نبوی ﷺ میں پاکستانی عازمین حج کے لیے ریاض الجنہ کی حاضریوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔کوآرڈینیٹر مدینہ کاشف حسین، ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل ، اور ریاض الجنہ ٹیم کے انچارج زبیر نیازی کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔335 پاکستانی عازمین حج ، جن میں 173 مرد اور 162 خواتین شامل ہیں نے ریاض الجنہ میں حاضری دی۔ ان حاضریوں کے لیے سعودی حکام سے خصوصی اجازت بھی حاصل کی گئی ہے۔حکام کے مطابق عازمین حج کے رش کو منظم رکھنے کے لیے مخصوص اوقات مقررکئے گئے ہیں۔ مرد زائرین کو دوپہر سے نمازِ عشاء تک اور دوبارہ دوپہر 2 بجے سے نمازِ فجر تک حاضری کی اجازت ہوگی، جبکہ خواتین کے لیے نمازِ فجر کے بعد صبح 11 بجے تک اور پھر نمازِ عشاء کے بعد رات 12 بجے تک کے اوقات مختص کئے گئے ہیں۔تمام نقل و حرکت کی نگرانی وزارتِ مذہبی امور کے عملے خدام الحجاج کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ زائرین کو ایک منظم اورآسان تجربہ فراہم کیا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے اندر واقع نہایت مقدس مقام ریاض الجنہ تک رسائی کو یقینی بنانا مدینہ میں موجود پاکستانی زائرین کے لیے اولین ترجیح ہے۔