پاکستانی نئے کاروباری اداروں کے لیے عالمی سرمایہ کاری کے نئے امکانات کا جائزہ، ایس آئی ایف سی کی اہم پیش رفت

پاکستانی نئے کاروباری اداروں کے لیے عالمی سرمایہ کاری کے نئے امکانات کا جائزہ، ایس آئی ایف سی کی اہم پیش رفت

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی قیادت نے اینڈیور پاکستان کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت مسٹر مدثر شیخہ اور مصر سے آئے ہوئے مسٹر امر العبد نے کی۔ ملاقات میں پاکستان کے نئے کاروباری اداروں میں عالمی سرمایہ کاری کے حصول اور اس شعبے کی ترقی کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ایس آ ئی ایف سی کے مطابق ملاقات میں پاکستانی کاروباری افراد اور نئے کاروباری اداروں کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے منسلک کرنے، عالمی سرمائے تک رسائی بڑھانے اور سرحد پار سرمایہ کاری کے اشتراک کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اس موقع پر پاکستان کے ابھرتے ہوئے کاروباری ماحول کی صلاحیتوں کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے اجاگر کرنے اور بین الاقوامی کاروباری و اختراعی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔مصری نمائندے کی شرکت نے اس ملاقات کو بین الاقوامی تعاون کا ایک اہم پہلو فراہم کیا، جس سے پاکستان اور مصر کے درمیان سرمایہ کاری کے اشتراک، کاروباری تجربات کے تبادلے اور پاکستانی نئے کاروباری اداروں کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی کے امکانات کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔ایس آئی ایف سی کی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی اور نئے کاروباری اداروں میں ممکنہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس ضمن میں ادارہ جاتی معاونت، بین الاقوامی شراکت داری اور سرمایہ کاروں سے روابط کو مقامی کاروباری صلاحیتوں سے بھرپور استفادے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ایسی ملاقاتوں کے ذریعے ایس آئی ایف سی پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے اور جدت و کاروباری سرگرمیوں پر مبنی متحرک معیشت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔