بیجنگ۔29اپریل (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ نوجوان ایشیائی خطے میں امن ،ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔چینی ریڈیو کے مطابق بیرونی ممالک کے ساتھ دوستانہ روابط کے فروغ سے وابستہ چینی انجمن کی جانب سے دسویں چین۔جنوبی ایشیا انٹرنیشنل کلچر فورم کے تحت یوتھ کلچر سیلون کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستانی سفیر معین الحق نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدیم وقتوں سے ہی ایشیا سیاسی ،معاشی اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔آج 21ویں صدی کو ایشیا کی صدی قرار دیا جاتا ہے اور عالمی سطح پر ایشیاکا بڑھتا ہوا اثرو رسوخ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔2050تک ایشیا کا شمار دنیا کی نمایاں ترین معاشی طاقت میں کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبائی صورتحال میں بھی ایشیائی خطہ معاشی بحالی کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرئے گا جبکہ چین وبا کو کامیابی سے شکست دینے کے بعد اقتصادی بحالی کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ معین الحق نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے منفرد جغرافیائی خدوخال کی بدولت خطے میں فنون ،فلسفے اور ثقافت کے فروغ میں پیش پیش ہے۔ پاکستانی نوجوان ثقافتی روابط کو آگے بڑھانے سمیت خطے میں امن و ترقی کوفروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عہد حاضر میں ہمیں قدیم شاہراہ ریشم کی روح پر عمل پیرا رہتے ہوئے تاریخ اور ثقافت کے تحفظ سمیت عالمگیریت کو فروغ دینا چاہیے ۔ یوتھ کلچر سیلون جیسی تقریبات کے انعقاد سے متعلقہ ممالک کے نواجونوں کو گہرائی سے تبادلہ خیال اور ہم آہنگی کا موقع ملے گا۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایشیاء کی عظیم تاریخ کا مطالعہ کریں اور خطے میں امن،ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔