اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) پاکستان۔فلپائن دوطرفہ پالیسی مشاورت کا پانچواں مرحلہ جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی وفد جبکہ محکمہ خارجہ امور فلپائن کے نائب وزیر انریک اے منالو نے اپنے ملکی وفد کی قیادت کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشاورتی اجلاس کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر نظرثانی اور سیکورٹی، انسداد دہشت گردی، اقتصادی ترقی، تجارت، …
پاکستان۔فلپائن دوطرفہ پالیسی مشاورت کا پانچواں مرحلہ کا انعقاد
اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) پاکستان۔فلپائن دوطرفہ پالیسی مشاورت کا پانچواں مرحلہ جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی وفد جبکہ محکمہ خارجہ امور فلپائن کے نائب وزیر انریک اے منالو نے اپنے ملکی وفد کی قیادت کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشاورتی اجلاس کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر نظرثانی اور سیکورٹی، انسداد دہشت گردی، اقتصادی ترقی، تجارت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات اور مواقع کی نشاندہی کی گئی۔ دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیر الجہتی فورمز کی سطح پر جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے فلپائنی وفد کو افغانستان میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کیلئے پاکستانی کوششوں، پاک۔بھارت تعلقات، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سی پیک کے حوالہ سے بریف کیا۔ فلپائنی وفد نے پاکستان کو فلپائن میں سیکورٹی کی صورتحال اور پیسفک ریجن میں علاقائی صورتحال کے حوالہ سے بریف کیا۔ دہشت گردی اور آسیان کے ساتھ فل ڈائیلاگ پارٹنر شپ سٹیٹس کیلئے پاکستان کی کوششوں سمیت باہمی دلچسپی کے عالمی معاملات بھی زیر بحث لائے گئے۔ فلپائن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو سراہا۔








