چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے میچ اور عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ٹریفک کی بلا تعطل روانی برقرار رکھنے، شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی اور بہترین ڈیوٹی سرانجام دینے پر راولپنڈی ٹریفک پولیس کے 900 سے زائد افسران و جوانوں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس کا اعلان کر دیا
پاکستان آسٹریلیا کرکٹ میچ اور عیدالاضحیٰ کے دوران مثالی ٹریفک انتظامات، 900 اہلکاروں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس کا اعلان

مزید خبریں
راولپنڈی۔31مئی (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے میچ اور عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ٹریفک کی بلا تعطل روانی برقرار رکھنے، شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی اور بہترین ڈیوٹی سرانجام دینے پر راولپنڈی ٹریفک پولیس کے 900 سے زائد افسران و جوانوں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس کا اعلان کر دیا،اہلکاروں نے شدید رش، غیر معمولی نقل و حرکت اور اہم عوامی سرگرمیوں کے باوجود انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیے جس کے نتیجے میں نہ صرف ٹریفک کا نظام مؤثر انداز میں برقرار رہا بلکہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ بھی پیش نہیں آیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے کہا کہ پاکستان و آسٹریلیا کرکٹ میچ اور عیدالاضحیٰ کے دوران 900 سے زائد افسران اور جوانوں نے شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے شب و روز خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی مؤثر حکمت عملی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہترین انتظامات کی بدولت پورے عرصے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور ٹریفک کا نظام معمول کے مطابق رواں دواں رہا۔
سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک پلان کی کامیابی میں شہریوں کے تعاون کا بھی اہم کردار رہا جس پر وہ ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس آئندہ بھی شہریوں کو بہترین سفری اور ٹریفک سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔








