پاکستان آنکھوں کے علاج کے حوالہ سے مقامی سہولیات میں اضافہ کیلئے بین الاقوامی ماہرین کا خیرمقدم کرے گا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی) سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ آنکھوں کی بیماریوں کے مسائل کے خاتمہ کیلئے بین الاقوامی اشتراک کار ضروری ہے۔ امریکہ سے تعلق رکھنے والے آنکھوں کے معروف بین الاقوامی فزیشن اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر رابرٹ لیمنٹ نے منگل کو سلیم مانڈوی والا سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا …

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی) سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ آنکھوں کی بیماریوں کے مسائل کے خاتمہ کیلئے بین الاقوامی اشتراک کار ضروری ہے۔ امریکہ سے تعلق رکھنے والے آنکھوں کے معروف بین الاقوامی فزیشن اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر رابرٹ لیمنٹ نے منگل کو سلیم مانڈوی والا سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آنکھوں کے علاج کے حوالہ سے مقامی سہولیات میں اضافہ کیلئے بین الاقوامی ماہرین کا خیرمقدم کرے گا، عالمی شراکت داری سے علاج معالجہ کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی جس سے معاشرہ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا۔ ڈاکٹر رابرٹ لیمنٹ دنیا کے مختلف ممالک میں آنکھوں کے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے والے کئی بین الاقوامی ہسپتالوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں اشتراک کار وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر رابرٹ نے انہیں بتایا کہ اس وقت 2.1 ملین پاکستانی آنکھوں کے مختلف امراض کا شکار ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خیالات کو سراہا اور ان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آنکھوں کے علاج کی جدید سہولیات کے فروغ سے ملک میں آنکھوں کی بیماریوں کے مریضوں کو بہتر علاج معالجہ کی سہولیات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔