پاکستان اقوام متحدہ کے منشور اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
پاکستان اقوام متحدہ کے منشور اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

مزید خبریں
اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خارجہ میں چار روزہ تربیتی پروگرام ’’ایڈوانسڈ ٹریٹی پریکٹس: فرام سگنیچر ٹو ڈومیسٹک لاء‘‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزارت قانون و انصاف نے انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (آئی میک) کے اشتراک سے اس پروگرام کا انعقاد کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آذربائیجان، بنگلہ دیش، چین، پاکستان اور ترکیہ سے آئے ہوئے شرکا کو خوش آمدید کہا اور انہیں مبارکباد دی اور کورس کے دوران ان کی فعال شرکت کو سراہا۔ انہوں نے وزارت قانون و انصاف، آئی میک اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دوست ممالک کے لیے معاہداتی امور کی استعداد بڑھانے پر مبنی اس اعلیٰ معیار کے پروگرام کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے گزشتہ دو برسوں کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک ذمہ دار رکن کے طور پر پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا اور ایک مستحکم بین الاقوامی نظام کے قیام میں معاہدوں پر عملدرآمد اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے آذربائیجان، بنگلہ دیش، چین اور ترکیہ جیسے دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور دیرینہ شراکت داری کا بھی اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں۔








