پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے 75 فیصدحصص کی نجکاری، بولی کے پہلے مرحلہ میں عارف حبیب کنسورشیئم نے سب سے زیادہ 115 ارب کی بولی لگائی، ریفرنس قیمت 100ارب روپے مقررکی گئی تھی

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے 75فیصدحصص کی نجکاری کیلئے بولی کے پہلے مرحلہ میں عارف حبیب کنسورشئیم نے سب سے زیادہ 115ارب کی بولی دی ہے۔ منگل کونجکاری کمیشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی فروخت کے لیے بولی کے عمل میں تین کنسورشیم نے بولیاں جمع کروا دی تھیں، پہلے کنسورشئیم میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حب …

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے 75فیصدحصص کی نجکاری کیلئے بولی کے پہلے مرحلہ میں عارف حبیب کنسورشئیم نے سب سے زیادہ 115ارب کی بولی دی ہے۔ منگل کونجکاری کمیشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی فروخت کے لیے بولی کے عمل میں تین کنسورشیم نے بولیاں جمع کروا دی تھیں، پہلے کنسورشئیم میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ، کوہاٹ سیمنٹ لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز شامل ہیں، دوسرے کنسورشئیم میں عارف حبیب کارپوریشن، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی سکولز پرائیویٹ لمیٹڈ اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل جبکہ تیسرے کنسورشئیم میں ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ شامل تھی۔

تینوں کنسورشئیم کی طرف سے دی گئی بولیاں سہ پہر4بجے کھولی گئی۔لکی سیمنٹ کنسورشئیم کی جانب سے 101.5ارب روپے کی بولی دی گئی، ائیربلیوکی جانب سے 26.5ارب روپے کی بولی دی گئی جبکہ عارف حبیب کنسورشئیم کی جانب سے سب سے زیادہ 115ارب روپے کی بولی دی گئی۔ حکومت کی جانب سے کم سے کم قیمت(ریفرنس پرائس) 100ارب روپے مقررکی گئی تھی۔ پہلے مرحلہ میں لکی سیمنٹ اورعارف حبیب کنسورشئیم کامیاب قرارپائے۔قبل ازیں بولیاں کھولنے کی تقریب کا آغازتلاوت قران پاک اورقومی ترانہ سے ہوا۔

وزیراعظم کے مشیربرائے نجکاری محمدعلی نے اس موقع پرکہاکہ پی آئی اے کی نجکاری حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈا کااہم حصہ ہے اورامیدہے کہ اس عمل کی کامیاب تکمیل کے بعدنجکاری وسرمایہ کاری کیلئے راہیں ہموارہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے اپریل 2025ء میں پی آئی اے کے 51فیصد سے لیکر100فیصد تک حصص کی فروخت کافیصلہ کیاتھا، اس تناظرمیں ہم نے تمام بولی دہندگان سے رابطہ کاری کی، بولی دہندگان کی تجاویز کی روشنی میں ابتدائی طورپر75فیصدحصص فروخت کرنے کاہدف مقررکیاگیا تاہم اس میں بھی باقی 25فیصد حاصل کرنے کاآپشن رکھاگیاتھا۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب بولی دہندہ 75فیصدحصص کا 92.5فیصد پی آئی اے میں لگائے گا جبکہ 7.5فیصد فئیرپرائس کی صورت میں حکومت کے پاس جائیگا، اس اقدام کامقصد پی آئی اے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ہے،ہماری خواہش ہے کہ پی آئی اے میں نئی سرمایہ کاری ہو، 18جہازوں کے بیڑ ے میں اضافہ کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب بولی دہندہ کیلئے ادائیگی کاطریقہ کاربھی وضع کیاگیاہے،67فیصد دائیگی 90سے لیکر120دنوں میں کی جائیگی جبکہ باقی ادائیگی ایک سال کی مدت میں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے ٹرانزیکشن کومحفوظ بنانے کیلئے طریقہ کاراپنایاہے اورلیٹرآف کریڈٹ پہلے سے حاصل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب بولی دہندہ بین الاقوامی ائیرلائن جیسے کسی مضبوط گروپ کوشامل کرناچاہتاہو تووہ کرسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری کاعمل شفاف اورمسابقتی رکھاگیاہے، بولی کیلئے اندرون وبیرون ممالک اشتہارات دئیے گئے۔