پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے 75 فیصد حصص کی نجکاری، عارف حبیب کنسورشئیم 135 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کرکامیاب

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے 75 فیصد حصص خریداری کیلئے عارف حبیب کنسورشئیم نے 135 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کر بولی میں کامیابی حاصل کرلی ۔ منگل کو نجکاری کمیشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی فروخت کے لیے بولی کے عمل میں تین کنسورشئیمز نے بولیاں جمع کروا دی تھیں، پہلے کنسورشئیم …

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے 75 فیصد حصص خریداری کیلئے عارف حبیب کنسورشئیم نے 135 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کر بولی میں کامیابی حاصل کرلی ۔ منگل کو نجکاری کمیشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی فروخت کے لیے بولی کے عمل میں تین کنسورشئیمز نے بولیاں جمع کروا دی تھیں، پہلے کنسورشئیم میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ، کو ہاٹ سیمنٹ لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز شامل ہیں، دوسرے کنسورشئیم میں عارف حبیب کارپوریشن، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی سکو لز پرائیویٹ لمیٹڈ اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل جبکہ تیسرے کنسورشئیم میں ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ شامل تھی، تینوں کنسورشئیم کی طرف سے دی گئی بولیاں سہ پہر 4بجے کھولی گئیں۔

لکی سیمنٹ کنسورشئیم کی جانب سے 101.5 ارب روپے کی بولی دی گئی، ائیربلیوکی جانب سے 26.5 ارب روپے کی بولی دی گئی جبکہ عارف حبیب کنسورشئیم کی جانب سے سب سے زیادہ 115 ارب روپے کی بولی دی گئی،حکو مت کی جانب سے کم سے کم قیمت(ریفرنس پرائس) 100 ارب روپے مقرر کی گئی تھی، پہلے مرحلہ میں لکی سیمنٹ اورعارف حبیب کنسورشئیم کامیاب قرارپائے۔دوسرے مرحلہ کیلئے کم سے کم قیمت 115 ارب روپے تھی، بولی کیلئے عارف حبیب کنسورشئیم اورلکی سیمنٹ کنسورشئیم اہل قرار پائے۔

کھلی بولی لکی سیمنٹ کی جانب سے 115.5 ارب روپے کی بولی سے شروع ہوئی جو بڑھتے بڑھتے عارف حبیب کنسورشئیم کی جانب سے 121 ارب روپے تک جا پہنچی۔ اس مرحلہ پرلکی سیمنٹ کی درخواست پربولی کے عمل میں وقفہ کیاگیا،وقفے کے بعد لکی سیمنٹ کی جانب سے 125 ارب روپے کی بولی دی گئی جوبڑھتے ہوئے عارف حبیب گروپ کی جانب سے 135 ارب روپے تک جاپہنچی۔اس موقع پرلکی کنسورشئیم کی جانب سے عارف حبیب گروپ کی قیادت میں کنسورشئیم کو مبارکباد دی گئی جس کے بعد بولی کامیابی سے اختتام پذیرہوئی۔

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب اور وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ بھی اس موقع پرموجودتھے۔ وزیرخزانہ نے اپنے مختصرخطاب میں پی آئی اے کے حصص کی نیلامی کے کامیاب عمل پرنجکاری کمیشن اورنیلامی میں حصہ لینے والے مقامی سرمایہ کاروں کو مبارکباددی۔انہوں نے کہاکہ بولی کاعمل شفاف طریقے سے آگے بڑھ رہاہے اوریہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ پی آئی اے کے حصص کی فروخت میں سب مقامی سرمایہ کارآگے بڑھے ہیں،یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کو ئی شک نہیں کہ آج کے اس عمل کے بعدپی آئی اے اپنا کھویا ہوامقام حاصل کرے گی بلکہ اس سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کاعمل جاری ہے، نجکاری اس عمل کاحصہ ہے، پہلے فرسٹ ویمن بینک کی کامیاب نجکاری ہوئی ہے اوراب پی آئی اے کے حصص کی نیلامی کاعمل کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں نقصانات کو کم کرکے اپنے اداروں کو بین الاقوامی معیارکے مطابق لیکرجانا ہوگا، ہمیں یقین ہے کہ مقامی سرمایہ کارآگے آئیں گے توبیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ریکو ڈک سمیت منرل اینڈمائنزمیں بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے اورمستقبل میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ نجکاری کے عمل میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

قبل ازیں بولیاں کھولنے کی تقریب کاآغازتلاوت قران پاک اورقومی ترانہ سے ہوا۔ وزیراعظم کے مشیربرائے نجکاری محمدعلی نے اس موقع پرکہاکہ پی آئی اے کی نجکاری حکو مت کے اصلاحات کے ایجنڈا کااہم حصہ ہے اورامیدہے کہ اس عمل کی کامیاب تکمیل کے بعدنجکاری وسرمایہ کاری کیلئے راہیں ہموارہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ حکو مت نے اپریل 2025ء میں پی آئی اے کے 51 فیصد سے لیکر100 فیصد تک حصص کی فروخت کافیصلہ کیاتھا، اس تناظرمیں ہم نے تمام بولی دہندگان سے رابطہ کاری کی، بولی دہندگان کی تجاویز کی روشنی میں ابتدائی طورپر75 فیصد حصص فروخت کرنے کاہدف مقررکیاگیا تاہم اس میں بھی باقی 25 فیصد حاصل کرنے کاآپشن رکھاگیاتھا۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب بولی دہندہ 75 فیصد حصص کا 92.5 فیصد پی آئی اے میں لگائے گا جبکہ 7.5 فیصد فئیرپرائس کی صورت میں حکو مت کے پاس جائیگا، اس اقدام کامقصد پی آئی اے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ہے،ہماری خواہش ہے کہ پی آئی اے میں نئی سرمایہ کاری ہو، 18جہازوں کے بیڑ ے میں اضافہ کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب بولی دہندہ کیلئے ادائیگی کاطریقہ کار بھی وضع کیا گیاہے،67 فیصد دائیگی 90سے لیکر120دنوں میں کی جائیگی جبکہ باقی ادائیگی ایک سال کی مدت میں کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ حکو مت نے ٹرانزیکشن کو محفوظ بنانے کیلئے طریقہ کاراپنایاہے اورلیٹرآف کریڈٹ پہلے سے حاصل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب بولی دہندہ بین الاقوامی ائیرلائن جیسے کسی مضبوط گروپ کو شامل کرناچاہتاہو تووہ کرسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری کاعمل شفاف اورمسابقتی رکھاگیاہے، بولی کیلئے اندرون وبیرون ممالک اشتہارات دئیے گئے۔

مزید خبریں