پاکستان انڈر 16 فٹ بال ٹیم کی تاریخ ساز کامیابی، قازقستان میں پہلی بار یوئیفا مقابلے میں شرکت

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):پاکستان فٹ بال ایک نئے اور تاریخی دور میں داخل ہونے جا رہا ہے جہاں ملک کی انڈر 16 مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم پہلی مرتبہ یوئیفا کے تحت منعقدہ بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ یہ میچز رواں سال 24 سے 30 اپریل تک قازقستان میں کھیلے جائیں گے۔یہ تاریخی پیش رفت پاکستان کے یوتھ فٹ بال پروگرام کے لئے ایک اہم سنگ …

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):پاکستان فٹ بال ایک نئے اور تاریخی دور میں داخل ہونے جا رہا ہے جہاں ملک کی انڈر 16 مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم پہلی مرتبہ یوئیفا کے تحت منعقدہ بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ یہ میچز رواں سال 24 سے 30 اپریل تک قازقستان میں کھیلے جائیں گے۔یہ تاریخی پیش رفت پاکستان کے یوتھ فٹ بال پروگرام کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے اور اس سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی اصلاحات پر مبنی نئی سوچ اور عالمی سطح پر بحالی کی کوششوں کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔ یہ کامیابی پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں ممکن ہوئی جن کے دور میں منظم منصوبہ بندی، گورننس اصلاحات اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے حکام کے مطابق یوئیفا مقابلے کی دعوت کو پاکستان فٹ بال کی ساکھ پر ایک بڑا اعتماد قرار دیا جا رہا ہے بالخصوص گراس روٹس اور یوتھ لیول پر اعلیٰ معیار کے بین الاقوامی حریفوں کے خلاف کھیلنے سے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ حاصل ہوگا جو ان کی تکنیکی اور حکمت عملی کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری لانے میں مدد دے گا۔یہ اقدام پی ایف ایف کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد علاقائی سطح سے آگے بڑھ کر مسلسل اور معیاری مقابلوں کے ذریعے قومی فٹ بال ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔

یوئیفا اور دیگر بین الاقوامی فیڈریشنز کے ساتھ روابط کے ذریعے پی ایف ایف ترقیاتی خلا کو کم کرنے اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کو ایلیٹ فٹ بال کے لئے تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔پی ایف ایف کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ محض ایک ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں بلکہ پاکستان فٹ بال کے عزم اور مستقبل کی سمت کا واضح اعلان ہے۔ یہ موقع اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کئی سالوں کی انتظامی مشکلات اور تنہائی کے بعد پاکستان کو عالمی فٹ بال برادری میں دوبارہ تسلیم کیا جا رہا ہے۔

انڈر 16 ٹیم کی یہ شرکت پاکستان فٹ بال کی گورننس پر بڑھتے اعتماد کی علامت بھی سمجھی جا رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ایف ایف اور اس کی قیادت طویل المدتی منصوبہ بندی، نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور عالمی تعاون کے لیے سنجیدہ ہے۔ پی ایف ایف عہدیدار نے مزید کہا کہ جب پاکستانی نوجوان کھلاڑی یورپی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے تو یہ تاریخی دورہ نہ صرف آئندہ نسل کے لیے حوصلہ افزاء ثابت ہوگا بلکہ اس یقین کو بھی مضبوط کرے گا کہ پاکستان منظم ترقی اور مستقل بین الاقوامی روابط کے ذریعے عالمی فٹ بال میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کر سکتا ہے۔

 

مزید خبریں