"پاکستان انڈر 21 ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کی سینئر قومی ہاکی ٹیم کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔”
پاکستان انڈر21ہاکی ٹیم نے عمان کی سینئر قومی ہاکی ٹیم کو ہراکر سیریز اپنے نام کر لی

مزید خبریں
لاہور۔1اگست (اے پی پی):پاکستان انڈر21 ہاکی ٹیم نے عمان کی سینئر قومی ہاکی ٹیم کو پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
مسلسل تیسری کامیابی کے ساتھ قومی جونیئر ٹیم نے دو میچز باقی رہتے ہوئے سیریز بھی اپنے نام کر لی۔میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے منظم دفاع اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کی سینئر ٹیم کو دبائو میں رکھا۔ پاکستان کی جانب سے مصطفیٰ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دو فیلڈ گول اسکور کیے جبکہ عبداللہ نے پینلٹی اسٹروک پر ایک اور احمد نے ایک فیلڈ گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ عمان کی جانب سے البرہان نے دو پینلٹی اسٹروکس جبکہ عمر بن حمد نے ایک فیلڈ گول اسکور کیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی انڈر 21 ٹیم کو سیریز میں شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کھلاڑی آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی اسی جذبے اور اعتماد کے ساتھ پاکستان کا نام روشن کریں گے۔








