پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سینئر حکام کے مذاکرات کا نواں دور آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا پیسیفک) ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے کی جبکہ آسٹریلوی وفد کی سربراہی محکمہ خارجہ و تجارت کے جنوبی و وسطی ایشیا ڈویژن کی فرسٹ اسسٹنٹ سیکرٹری سارہ اسٹوری نے کی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے سینئر حکام کے مذاکرات اور مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سینئر حکام کے مذاکرات کا نواں دور آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا پیسیفک) ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے کی جبکہ آسٹریلوی وفد کی سربراہی محکمہ خارجہ و تجارت کے جنوبی و وسطی ایشیا ڈویژن کی فرسٹ اسسٹنٹ سیکرٹری سارہ اسٹوری نے کی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ان شعبوں میں اعلیٰ سطح کے تبادلے، سیاسی روابط، اقتصادی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، دفاع، سلامتی، انسدادِ دہشت گردی، سرحد پار جرائم کی روک تھام اور موسمیاتی تبدیلی شامل تھے۔
دونوں فریقوں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور رابطہ مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے آسٹریلوی وفد کو مشرقِ وسطیٰ میں بحرانوں کے خاتمے کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور سندھ طاس معاہدے کی بھارت کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ اس موقع پر آسٹریلیا-پاکستان مشترکہ تجارتی کمیٹی کا دسواں اجلاس بھی کینبرا میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری وزارتِ تجارت جواد پال خواجہ نے کی جبکہ آسٹریلوی وفد کی سربراہی محکمہ خارجہ و تجارت کے جنوبی و وسطی ایشیا ڈویژن کی فرسٹ اسسٹنٹ سیکرٹری سارہ اسٹوری نے کی۔
اجلاس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں بالخصوص زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، کان کنی اور خدمات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ فریقین نے منڈیوں تک بہتر رسائی اور تجارت سے متعلق مسائل خصوصاً پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کو درپیش امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مذاکرات میں عالمی تجارتی رجحانات، ان کے دوطرفہ تجارت پر ممکنہ اثرات اور عالمی تجارتی تنظیم سمیت کثیرالجہتی تجارتی نظام کے تحت تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بیان کے مطابق ان مذاکرات نے دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینے، تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔








