پاکستان اور ازبکستان کو صنعتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے، فہیم الرحمن سہگل

لاہور۔14جنوری (اے پی پی):ازبکستان کے اعلی سطحی وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ وفد کی قیادت منہاج الدین راوفوف نے کی۔میٹنگ کی صدارت صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کی، جبکہ نائب صدر خرم لودھی بھی اس موقع پرموجود تھے۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان …

لاہور۔14جنوری (اے پی پی):ازبکستان کے اعلی سطحی وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ وفد کی قیادت منہاج الدین راوفوف نے کی۔میٹنگ کی صدارت صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کی، جبکہ نائب صدر خرم لودھی بھی اس موقع پرموجود تھے۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان رانا شعبان اختر، سید سلمان علی، کرامت علی اعوان، آصف خان، محسن بشیر اور سید حسن رضا بھی شریک ہوئے۔

صدر لاہور چیمبر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر ایک ممتاز کاروباری ادارہ ہے جو ملک کے مختلف شعبوں کے 48,000 سے زائد ممبران کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی سطح کے دورے صنعتی شراکت داری، علم کے تبادلے اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے لیے نئے راستے کھول سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور ازبکستان نہ صرف تاریخی تعلقات رکھتے ہیں بلکہ اقتصادی طور پر بھی ایک دوسرے کی تکمیل کر سکتے ہیں۔

منہاج الدین راوفوف نے پاکستان کے ٹیکسٹائل، گارمنٹس اور چمڑے کے شعبوں میں مہارت کو سراہا اور ازبکستان کی صنعتی پیداوار کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں ازبکستان کے صدر کے دورے کے دوران ازبک ورکنگ گروپس نے فیصل آباد اور دیگر صنعتی مراکز کا دورہ کیا، جہاں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور صنعتی تعاون کے اہم مواقع دیکھے گئے۔

ازبک حکام نے کہا کہ خاص طور پر لاہور میں مشترکہ صنعتی اور ٹیکسٹائل یونٹس قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ شہر بہ شہر تعاون اور باہمی اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تعاون ٹیکنالوجی کے تبادلے، ورک فورس کی تربیت اور دونوں ممالک کی مصنوعات کے لیے بہتر مارکیٹ تک رسائی کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صنعتی اور تجارتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

دونوں ممالک میں خاص طور پر مینوفیکچرنگ، زراعت اور ٹیکسٹائل میں تعاون کی بہت بڑی صلاحیت موجود ہے۔ اسٹریٹجک شراکت داری اور مشترکہ منصوبے نہ صرف اقتصادی تعلقات مضبوط کریں گے بلکہ دو طرفہ تعلقات کو بھی بہتر بنائیں گے۔

نائب صدر لاہور چیمبر خرم لو دھی نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط اقتصادی روابط تاریخی دوستی کو مستحکم کریں گے اور کاروباری کمیونٹی اور صارفین دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔