پاکستان اور انگلینڈ کا اولڈ ٹریفورڈ کے میدان میں جیت کا تناسب ففٹی ففٹی، دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ میں فاتح رہی ہیں

مانچسٹر ۔ 21 جولائی (اے پی پی) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں اب تک پانچ میچ کھیلے گئے، دونوں ٹیموں نے ایک، ایک میچ جیتا جبکہ تین میچ ڈرا ہوئے۔ اس میدان پر پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا میچ 1954 میں کھیلا گیا جو ڈرا ہوا، دوسری بار دونوں ٹیمیں 1987 میں آمنے سامنے ہوئیں اور یہ میچ بھی ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا، 1992 میں کھیلا جانے والا تیسرا میچ بھی ڈرا ہوا، 2001 میں چوتھی بار دونوں ٹیمیں مدمقابل آئیں اور یہ میچ نتیجہ خیز ثابت ہوا اور اس میچ میں پاکستان نے وقار یونس کی قیادت میں انگلینڈ کو 108 رنز سے شکست دی، 2006 میں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں مقابلہ ہوا اور اس بار انگلینڈ نے پاکستان کو اینڈریو سٹراﺅس کی قیادت میں اننگز اور 120 رنز سے زیر کیا۔ انگلش ٹیم اولڈ ٹریفورڈ کے میدان میں 14 سال سے ناقابل شکست اور اس نے نو میں سے سات میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دو میچ ڈرا ہوئے۔