ملتان۔ 20 جنوری (اے پی پی):پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے۔ پاکستانی تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے بنگلہ دیش میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز ایوان تجارت و صنعت ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے …
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں،بنگلہ دیشی ہائی کمشنر
ملتان۔ 20 جنوری (اے پی پی):پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے۔ پاکستانی تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے بنگلہ دیش میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز ایوان تجارت و صنعت ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کہا کہ ہم پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مختلف مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر رہے ہیں۔
پاکستان سے بھاری مقدار میں چاول کی خریداری کا معاہدہ بھی ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے میں بنگلہ دیش خاص دلچسپی رکھتا ہے۔پاکستان سے حلال فوڈ ،گوشت اور جانور امپورٹ کرنے کو ترجیح دیں گے۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ دو طرفہ معاہدوں میں جو بھی رکاوٹیں ہوں گی انہیں ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ویزا سے متعلق معاملات بھی جلد حل کئے جا رہے ہیں۔اقبال حسین خان نے کہا کہ ملتان اپنی تاریخ، ثقافت، زراعت اور انڈسٹری کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
ہم بنگلہ دیش میں ملتان کو لینڈ آف اولیاء کے نام سے یاد کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش تعلیم کے شعبے میں پاکستان سے تعاون کا خواہش مند ہے۔یہاں کاٹن کا شعبہ ہمارے لیے خصوصی دلچسپی کا حامل ہے۔ بنگلہ دیش میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی بڑی انڈسٹری موجود ہے دونوں ممالک مل کر اس شعبے میں دنیا بھر کی وسیع مارکیٹ کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔حکومت پاکستان کی جانب سے زرعی زمینوں اور غیر آباد زمینوں کو لیز پر دینے اور اس شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی جو آفرز موجود ہیں بنگلہ دیش اس سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا اور جلد ہی ایک وفد پاکستان کا دورہ بھی کرے گا۔
دونوں ممالک کو عالمی سطح پر اپنے مفادات اور امت مسلمہ کے لیے مل کر آواز بلند کرنی چاہیے۔اس سے قبل ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش نے ایکسپورٹ کے شعبہ میں بے پناہ ترقی کی ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان لگ بھگ سات ملین ڈالر کی تجارت ہو رہی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ بہت سے شعبوں خصوصا لیدر اور ایگرو بیس انڈسٹری میں مل کر کام کریں ۔میاں بختاور تنویر نے کہا کہ حکومت کے انقلابی اقدامات سے معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کاٹن فیبرک، سیمنٹ کے خام مال، پیاز اور کھجور، مختلف قسم کے کیمیکلز ڈائیز،الیکٹرک فین، مصالحہ جات اور چاول کے شعبوں میں تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان چیمبر آف کامرس اور ڈھاکہ چیمبر آف کامرس کو ”سسٹر چیمبر” نامزد کیا جائے تاکہ تجارتی روابط میں بہتری پیدا ہو۔تقریب میں ایوان تجارت و صنعت ملتان کے، سینیئر نائب صدر خواجہ محمد محسن، نائب صدر محمد اظہر بلوچ، مسز رومانہ تنویر شیخ، خواجہ محمد حسین،خواجہ محمد فاروق،شیخ محمد امجد سیکرٹری ایوان محمد شفیق سمیت دیگر ممبران بھی موجود تھے۔









