دبئی ۔26ستمبر (اے پی پی):ٹی 20 ایشیا کپ 2025 میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا فائنل میچ 28 ستمبر بروز (اتوار )دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے …
پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی 20 ایشیا کپ 2025کا فائنل میچ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا

مزید خبریں
دبئی ۔26ستمبر (اے پی پی):ٹی 20 ایشیا کپ 2025 میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا فائنل میچ 28 ستمبر بروز (اتوار )دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی جہاں اس کا مقابلہ اتوار کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
یوں تو ایشیا کپ کی تاریخ تقریباً 41 سال پرانی ہے تاہم یہ ایک ناقابل یقین بات ہے کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں کبھی آمنے سامنے نہیں آئے۔پہلی مرتبہ 1984 میں کھیلے گئے ایشیا کپ سے 2023 تک 16 مرتبہ کھیلے جانے والے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت نے آپس میں کئی میچز کھیلے تاہم دونوں ٹیمیں کبھی فائنل میں مدمقابل نہ آسکیں۔یہ پہلا موقع ہے جب روایتی حریف فائنل میں ٹکرائیں گے۔ گروپ اور سپر فور مرحلے میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے تاہم کپتان سلمان آغا فائنل میں جیت کے لیے پر امید ہیں۔
شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کو کھیلتا دیکھیں گے۔پاکستان کی قیادت مایہ ناز آل راؤنڈر سلمان علی آغا کریں گے جبکہ بھارتی ٹیم سوریا کمار یادیو کی کپتانی میں میدان میں اترے گی۔ کرکٹ کے دیوانے اس روایتی مقابلے کے لیے بے حد پرجوش ہیں اور توقع ہے کہ دبئی سٹیڈیم ایک بار پھر تماشائیوں سے کھچا کھچ بھر جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت سب سے زیادہ8مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے، سری لنکا نے 6 اور پاکستان نے 2 مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔








