فیصل آباد۔ 20 نومبر (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ یہ بات ترکیہ کے لاہور میں قونصل جنرل مہمت ایمین شیمشیک نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اُن کا فیصل آباد کا پہلاد ورہ ہے جس سے انہیں اس ٹیکسٹائل، زرعی اور …
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے،قونصل جنرل ترکیہ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 20 نومبر (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ یہ بات ترکیہ کے لاہور میں قونصل جنرل مہمت ایمین شیمشیک نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اُن کا فیصل آباد کا پہلاد ورہ ہے جس سے انہیں اس ٹیکسٹائل، زرعی اور صنعتی مرکز کی اہمیت اور پوٹینشل کو سمجھنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں برادر ملکوں کے درمیان تجارتی حجم 1.4ار ب ڈالر ہے جو ان کے پوٹینشل سے بہت کم ہے جسے بڑھانے کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی معاملات میں چیلنجز اور مواقعوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر اور قونصلیٹ کے درمیان تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے اُن کا خیر مقدم کیا اور فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے حکومتی اور بزنس کمیونٹی کی سطح پر روابط کو بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے فیصل آباد میں ترکیہ کی سرمایہ کاری کو سراہا اور کہا کہ اس میں مزید اضافے کی گنجائش ہے جن کیلئے مقامی تاجر اور صنعتکار ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔فاروق یوسف شیخ نے دوطرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کیلئے تجارتی وفود کے تبادلوں بی ٹو بی میٹنگز اور باہمی نمائشوں کے انعقاد پر بھی زور دیا۔ لاہور میں ترکیہ کے کمرشل اتاشی نوریتین دیمیر نے بتایا کہ دو طرفہ تجارت میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے تاہم اس کو بڑھانے کیلئے محنت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ملک نئے تجارتی معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں جس پر دستخطوں کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی سرمایہ کاری کو بڑھانے کی بھی ضرورت ہے جبکہ فیصل آباد کے صنعتکار وں سے ٹیکسٹائل کے شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ترکیہ کے تعاون سے ٹیکسٹائل کیمیکل تیار کئے جا رہے ہیں جبکہ اِس کا یونٹ فیصل آباد میں بھی قائم ہوگا۔آخر میں سوال و جواب کی نشست ہوئی جبکہ نائب صدر انجینئر عاصم منیر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
صدر فاروق یوسف شیخ نے ترکیہ قونصل جنرل اور کمرشل اتاشی کو چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کے حوالے سے خصوصی کالرپن لگائی شیلڈ اور تحائف بھی پیش کئے۔ اس موقع پر سابق صدور چوہدری محمد نواز، عاطف منیر شیخ، سابق سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود، ایگزیکٹو ممبران محمد علی، عمر فاروق کاہلوں اور محمد ہارون وحید کے علاوہ محترمہ کرسٹینا پیٹر، محترمہ قراۃ العین، ثنا اللہ نیازی اور انجینئر احمد زمان بھی موجود تھے۔








