کراچی ۔24نومبر (اے پی پی):پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جموں وکشمیر کے فنکار کشمیر کے حقیقی ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے مل کر کام کریں گے۔ منگل کو گورنر ہاؤس میں کلچرل ایڈوائزری بورڈ کے غیر رسمی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ جموں وکشمیر میں غیرقانونی طور پر قابض حکومت نے کشمیری …
پاکستان اور جموں و کشمیر کے فنکار کشمیر کے حقیقی ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لئے مل کرکام کریں گے، پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین کا کلچرل ایڈوائزری بورڈ سے خطاب

مزید خبریں
کراچی ۔24نومبر (اے پی پی):پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جموں وکشمیر کے فنکار کشمیر کے حقیقی ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے مل کر کام کریں گے۔ منگل کو گورنر ہاؤس میں کلچرل ایڈوائزری بورڈ کے غیر رسمی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ جموں وکشمیر میں غیرقانونی طور پر قابض حکومت نے کشمیری ثقافت کو تباہ کیا ہے لیکن سینما، ٹیلی ویژن اور ادبی شعبے سے تعلق رکھنے والے پاکستانی فنکار کشمیری فنکاروں کے ساتھ مل کر ہندوستانی منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیری قوم کی شناخت اور فخر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔بھارتی قابض افواج کشمیریوں کی نسل کشی کے لئے کشمیری نوجوانوں کے قتل ، تشدد اور عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ ہندوستانی ثقافت کی یلغار کشمیریوں کی ثقافت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ ہم ہندوستان کو ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہندوستان غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر مقیم افراد کو ڈومیسائل کے اجراء کے ذریعے وسیع پیمانے پر آبادیاتی تبدیلیاں کر رہا ہے، جموں و کشمیر میں شراب کی دکانیں کھولنے کا پرمٹ دینا اور مساجد اور مزاروں کو تباہ کرنا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی کشمیری ثقافت اور شناخت کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے اور کشمیریوں کے فخر کو بحال کرنے کے لئے تمام اقدامات ضروری سمجھے جائیں گے۔شہریار خان آفریدی نے کہا کہ اسلام آباد میں اجلاس بلانے کے بجائے انہوں نے چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور مظفرآباد کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پہلے فنکاروں کے آبائی شہروں میں مشاورتی بورڈ کے ممبران سے ملاقات کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں اور آزادکشمیر میں ملاقات کے بعد قومی اسمبلی میں ایک بڑا اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ ہندوستان اور دنیا تک یہ پیغام پہنچایا جا سکے کہ پاکستان کشمیر کے لیے اپنے فنکاروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی مشاورتی بورڈ کا اجلاس بلایا جائے گا۔شہریار خان آفریدی کی زیرصدارت اجلاس میں اسکواش کے لیجنڈ جہانگیر خان ، ڈاکٹر فہد مرزا، اداکار ہمایوں سعید ، فہد مصطفی ، عدنان صدیقی ، بلال اشرف ، علی رحمن خان ، ثروت گیلانی، گلوکار شہزاد رائے اور دیگر کھیلوں اور میڈیا کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان کی ٹیلی ویژن ، فلم اور کھیلوں کے برادری اور ان کے مقبوضہ کشمیر میں موجود ہم منصبوں کے مابین اتحاد اور مل کر کام کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی جس کا مقصد وادی کے ثقافتی ورثے کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے اور اس کے فروغ کے لئے کام کرنا ہے، تاکہ کئی دہائیوں پر محیط بھارتی مظالم کے بارے میں کشمیری عوام کی آواز اور حالت زار کو دنیا تک پہنچایا جا سکے۔اجلاس کے شرکاء نے اندرون و بیرون ملک کشمیر کی ثقافت کے فروغ کے مختلف طریقوں اور کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کو بین الاقوامی بنانے کےلئے مفید اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔








