پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے کرکٹ میچ (کل) جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

راولپنڈی۔12نومبر (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ (کل) جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کو سیریز میں 0۔1 کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت فاسٹ باؤلر شاہین شاہ …

راولپنڈی۔12نومبر (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ (کل) جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کو سیریز میں 0۔1 کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کریں گے جبکہ سری لنکن ٹیم چاریتھ اسلانکا کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔

سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 15 نومبر کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ راولپنڈی پولیس کی جانب سے دوسرے ون ڈے کے موقع پر فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں تاکہ ٹیموں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹی کے لئے 5500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ 350 سے زیادہ ٹریفک وارڈنز اور افسران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سٹیڈیم کے اطراف اور قریبی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے جدید سی سی ٹی وی کیمروں پر مشتمل خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن سکواڈ سٹیڈیم کے اطراف گشت کر رہی ہیں تاکہ سکیورٹی کے تمام پہلوؤں کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں کی سہولت کے لئے ٹریفک پلان بھی مرتب کیا گیا ہے اور متبادل راستوں کی رہنمائی کے لئے اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ شائقین کرکٹ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔