پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، رانا مشہود احمد

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور چیئرمین الوفا فائونڈیشن پاکستان چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے پاکستان میں مملکت سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک-سعودی تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، ہنر مندی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور چیئرمین الوفا فائونڈیشن پاکستان چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے پاکستان میں مملکت سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک-سعودی تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، ہنر مندی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوان نسل امت کا قیمتی سرمایہ ہے اور ان کی کردار سازی، معیاری تعلیم و تربیت اور ہنر مندی کے ذریعے باوقار روزگار کے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ رانا مشہود احمد نے مزید کہا کہ پاک-سعودی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کا ضامن ہے اور اس سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین الوفا فائونڈیشن پاکستان چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے کہا کہ الوفا فائونڈیشن نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر ایسے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سعودی عرب نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، ہنر مندی اور باوقار روزگار کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے نوجوان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔

مزید خبریں