پاکستان اور فرانس کثیرالجہتی شراکتداری ، تمام شعبہ جات میں تعاون کے مزید استحکام کےلیے پرعزم ہیں، سفیر عاصم افتخار

196

پیرس۔14جولائی (اے پی پی):فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور فرانس عظیم دوست ہیں۔ ہم اپنی کثیرالجہتی شراکت داری اور تمام شعبہ جات میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے یہ بات اتوار کوفرانس کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ میں اور سفارتخانہ پاکستان کے رفقاء کار فرانسیسی عوام اور دیگر دوستوں کے ساتھ "باسٹیل ڈے” کی تقریبات میں شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن فرانس کی متاثر کن تاریخ میں ایک شاندار سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے اور یہ بجا طور پر فرانسیسی عوام کی قوم کے مقدر کو تشکیل دینے کی کوششوں میں ان کے ولولےاور عزم کو یاد کرنے اور ان کا احترام کرنے کا ایک موزوں موقع ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان اور فرانس عظیم اور اچھے دوست ہیں،ہم اپنی کثیرالجہتی شراکت داری اور تمام شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فرانسیسی عوام کے لیے امن، ترقی اور مسلسل خوشحالی کے خواہاں ہیں۔