اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور قازقستان کے نائب وزرائے اعظم نے قازق صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کے لئے طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔منگل کو پاکستان اور قازقستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات اسلام آباد میں منعقد ہوئے جن کی مشترکہ صدارت پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق …
پاکستان اور قازقستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ، قازق صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کیلئے طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور قازقستان کے نائب وزرائے اعظم نے قازق صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کے لئے طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔منگل کو پاکستان اور قازقستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات اسلام آباد میں منعقد ہوئے جن کی مشترکہ صدارت پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور قازقستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ مراد نر تلیو نے کی۔ قازق نائب وزیر اعظم کے ہمراہ قازقستان کے وزرائے ٹرانسپورٹ و تجارت، آئی ٹی اور زراعت کے نائب وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وفود کی سطح کے مذاکرات سے قبل قازق وفد نے پاکستان کے وزیر مواصلات،وزیر ریلوے اور وزیر تجارت سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس بھی ہوئے۔ قازق وفد نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) کا دورہ بھی کیا تاکہ آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کو آگے بڑھایا جا سکے۔ قازق نائب وزیراعظم نے پاکستانی کاروباری نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، زراعت میں تعاون کے توسیع، آئی ٹی، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے اور لاجسٹکس و ٹرانسپورٹ کے ذریعے علاقائی روابط کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے علاوہ کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔فریقین نے نومبر 2025 میں قازق صدر کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کو بھی حتمی شکل دی۔ واضح رہے کہ قازق صدر نے آخری بار 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دونوں رہنماؤں نے وزارتِ خارجہ پاکستان اور وزارتِ خارجہ قازقستان کے درمیان تعاون کے ایکشن پلان پر دستخط کئے۔ یہ منصوبہ سیاست، معیشت و تجارت، دفاع و سلامتی، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، سیاحت، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون اور قونصلر سہولتوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے ایک منظم روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔ یہ اقدام دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان باقاعدہ مشاورت کو ادارہ جاتی شکل دیتا ہے اور تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ایکشن پلان کو اپنانا دونوں ممالک کی قیادت کے مضبوط سیاسی عزم کا مظہر ہے جس کے ذریعہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات کو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی امن و خوشحالی کے لئے ایک روشن مستقبل کے تناظر میں نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔دونوں نائب وزرائے اعظم نے اپنی ٹیموں کو ہدایت کی کہ قازق صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے۔








