پاکستان اور چین کے درمیان تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت اور نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ میں تعاون بڑھانے کیلئے اظہار آمادگی کی دستاویز پر دستخط کر دیئے گئے

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت اور نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ کے لیے تعاون کو فروغ دینے کے لئے اظہار آمادگی کی دستاویز پر دستخط کئے گئے۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق دستخطوں کی تقریب وزیراعظم آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ دستاویز کے تحت نوجوانوں کو جدید اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم …

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت اور نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ کے لیے تعاون کو فروغ دینے کے لئے اظہار آمادگی کی دستاویز پر دستخط کئے گئے۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق دستخطوں کی تقریب وزیراعظم آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ دستاویز کے تحت نوجوانوں کو جدید اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جائیں گی۔

یہ معاہدہ چین پاکستان ٹی وی ای ٹی تعاون، وزیراعظم یوتھ پروگرام حکومت پاکستان اور ٹینگ چائنیز ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ پاکستان کے مابین طے پایا۔اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بہتر بنانا، تعلیم میں ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینا اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتوں کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ دستخط کی تقریب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے شرکت کی۔

تقریب میں صدر و بانی ٹینگ چائنیز ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی لمیٹڈ لی جن سونگ اور سیکشن آفیسر وزیراعظم یوتھ پروگرام زینب عبدالرحمٰن اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ شریک ہوئے۔ یہ معاہدہ پاکستانی نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی و ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ تعاون کے تحت تربیتی معیار کی بہتری، مشترکہ سرٹیفکیشن نظام اور پاکستان و چین کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دیا جائے گا تاکہ فنی تعلیم کا معیار اور افادیت مزید بہتر بنائی جا سکے۔

منصوبے کے تحت بڑے پیمانے پر صلاحیت سازی کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی جن میں تقریباً دو ہزار ماسٹر ٹرینرز کی تربیت اور پانچ سال کے دوران پچاس ہزار سے زائد نوجوانوں کو مرحلہ وار تربیت فراہم کرنا شامل ہے۔ پروگرام میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ای کامرس، فن ٹیک، مصنوعی ذہانت، میڈیا، سیاحت اور انٹرپرینیورشپ جیسے جدید شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

مزید برآں تعاون کے تحت جدید ڈیجیٹل تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے، بین الاقوامی ڈیجیٹل سکلز مقابلوں میں نوجوانوں کی شرکت کو فروغ دیا جائے گا اور ملک کے اندر و بیرون ملک باعزت روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ اختراع، کاروبار اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کو بھی منصوبے کا اہم حصہ بنایا گیا ہے۔

لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط پاکستان اور چین کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں جو نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔