اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):پاکستان اور کینیڈا نے زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کے ذریعے پیداوار میں اضافے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ہائبرڈ بیجوں کی تیاری، لائیو اسٹاک کی افزائش، اور فیڈ …
پاکستان اور کینیڈا کے درمیان زرعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):پاکستان اور کینیڈا نے زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کے ذریعے پیداوار میں اضافے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ہائبرڈ بیجوں کی تیاری، لائیو اسٹاک کی افزائش، اور فیڈ فارمولیشن کے شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر غور کیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں زرعی مشینری کی مقامی تیاری کے لیے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ ملکی زرعی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ کینولا کی کاشت کے فروغ سے نہ صرف زرعی پیداوار میں جدت آئے گی بلکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور عالمی مارکیٹوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بھی ممکن ہو گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کینیڈا کے ساتھ زرعی و غذائی تحفظ کے شعبوں میں شراکت داری سے پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔دونوں ممالک نے سرٹیفکیشن، مارکیٹ تک رسائی اور تکنیکی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا، جو مستقبل میں زرعی ترقی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنائے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) کی مؤثر پالیسیوں نے غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے، جو ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔








