راولپنڈی۔19دسمبر (اے پی پی):پاکستان ایئر فورس ایئرمین اکیڈمی کورنگی میں ٹرینیز انٹری نمبر 2306، 2406 اور 2412 کی پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ پریڈ کے مہمان خصوصی صدر نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این اے ایس ٹی پی) ایڈوائزری بورڈ تھے جن کا استقبال ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی نے کیا۔ جمعہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق …
پاکستان ایئر فورس ایئرمین اکیڈمی کورنگی میں ٹرینیز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ
راولپنڈی۔19دسمبر (اے پی پی):پاکستان ایئر فورس ایئرمین اکیڈمی کورنگی میں ٹرینیز انٹری نمبر 2306، 2406 اور 2412 کی پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ پریڈ کے مہمان خصوصی صدر نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این اے ایس ٹی پی) ایڈوائزری بورڈ تھے جن کا استقبال ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی نے کیا۔ جمعہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی اور دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 1155 ٹرینیز نے اپنی پیشہ ورانہ تربیت کامیابی سے مکمل کی۔پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جنگی تیاری اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ مقام کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات کے وژن کے مطابق جدید اور مستقبل پر مبنی تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ ابھرتے ہوئے جنگی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے پی اے ایف کی آپریشنل کامیابیوں، ہمہ جہت (ملٹی ڈومین) آپریشنز کے موثر انعقاد اور مجموعی تیاری کو بھی اجاگر کیا۔تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹرینیز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ایئرکرافٹ مین سارجنٹ احمد حسین عارف نے مجموعی بہترین کارکردگی پر چیف آف ایئر سٹاف ٹرافی حاصل کی۔
ایئرکرافٹ مین حمزہ علی نے اصغر خان ٹرافی اپنے نام کی جبکہ نور خان ٹرافی بھی ایئرکرافٹ مین احمد حسین عارف کو دی گئی۔ اکیڈمی سارجنٹ ایئرکرافٹ مین شفاعت نور نے ایئر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی حاصل کی جبکہ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے ایل اے سی ٹی ایچ جی این ڈی ہیراتھ کو بہترین غیر ملکی ٹرینی کی ٹرافی دی گئی۔ مہمان خصوصی نے کامیاب گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور ایئرمین اکیڈمی کے افسران و عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور محنت کو سراہا۔









