پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے بچوں میں ایتھلیٹکس کے فروغ کیلئے "چلڈرن ایتھلیٹکس ڈے” اور "کوچ ایجوکیشن ویک” کا انعقاد

واہ کینٹ۔3نومبر (اے پی پی):پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن (پی اے ایف) کی جانب سے ایتھلیٹکس کو نچلی سطح پر فروغ دینے کے لیے واہ کینٹ میں پی او ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے تعاون سے "کوچ ایجوکیشن ویک" کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام ڈائریکٹر جنرل کمرشل (پی او ایف) و صدر پی او ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ میجر جنرل کاشف اظہر کی نگرانی میں منعقد ہوا۔فیڈریشن کے مطابق یہ پروگرام واہ گارڈنز …

واہ کینٹ۔3نومبر (اے پی پی):پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن (پی اے ایف) کی جانب سے ایتھلیٹکس کو نچلی سطح پر فروغ دینے کے لیے واہ کینٹ میں پی او ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے تعاون سے "کوچ ایجوکیشن ویک” کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام ڈائریکٹر جنرل کمرشل (پی او ایف) و صدر پی او ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ میجر جنرل کاشف اظہر کی نگرانی میں منعقد ہوا۔فیڈریشن کے مطابق یہ پروگرام واہ گارڈنز اور گرد و نواح کے علاقوں میں ایتھلیٹکس کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے جس سے طویل المدتی بنیادوں پر ایک لاکھ سے زائد طلبہ مستفید ہوں گے۔

پروگرام کا پہلا مرحلہ 31 اکتوبر 2025ء کو مکمل ہوا جس میں ورلڈ ایتھلیٹکس ورکشاپ کے تحت "چلڈرن ایتھلیٹکس اپلیکیشن ٹریننگ” کرائی گئی۔ ورکشاپ میں واہ گارڈنز کے مختلف سکولوں سے تعلق رکھنے والے 14 خواتین اور 9 مرد فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز نے شرکت کی۔ تمام شرکا نے پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کی رہنمائی میں "چائلڈ پروٹیکشن” اور "چلڈرن ایتھلیٹکس” کے موضوعات پر عالمی آن لائن تربیتی ماڈیولز مکمل کیے۔

ورکشاپ میں بنیادی حرکات کی مہارت، خطرے کی تشخیص، حفاظتی اصول، STEP (سپیس، ٹاسک، ایکوپمنٹ، پیپل) ماڈل، وارم اپ کی اہمیت اور بچوں کے ایتھلیٹکس ایونٹس کی منصوبہ بندی جیسے موضوعات پر عملی اور نظری تربیت دی گئی۔ یہ تربیتی سیشن ورلڈ ایتھلیٹکس کی سرکردہ ٹرینرز نبیلہ کامران اور محمد نبیل (اے ایف پی) نے کرائے۔شرکا کی تربیتی پیش رفت کا جائزہ لینے اور انہیں عملی تجربہ فراہم کرنے کے لیے 3 نومبر 2025ء کو واہ کینٹ کے اوول گرائونڈ میں "چلڈرن ایتھلیٹکس ڈے” کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر بیگم سائرہ کاشف مہمان خصوصی جبکہ میجر جنرل کاشف اظہر اعزازی مہمان تھے۔ تقریب میں واہ گارڈنز کے مختلف سکولوں کے بچے اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔میجر جنرل کاشف اظہر نے اس موقع پر واہ گارڈنز کے تمام تعلیمی اداروں کے نصاب میں "چلڈرن ایتھلیٹکس” کو شامل کرنے کی سفارش کی تاکہ کم عمری میں ہی صلاحیتوں کی نشاندہی اور ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے اس تجویز کا خیرمقدم کیا اور اعلان کیا کہ پی او ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے بعد اس پروگرام کو باضابطہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔علاوہ ازیں پی او ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ اور پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے درمیان ایک عبوری معاہدہ بھی طے پایا ہے جس کے تحت نوجوان کھلاڑی قومی چیمپئن شپ میں اپنی اپنی کیٹیگریز میں شرکت کر سکیں گے۔

فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) شاہجہان میر کے مطابق 4 نومبر 2025ء کو پی او ایف سپورٹس کمپلیکس میں "پروٹیکشن اینڈ اینٹی ڈوپنگ” کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا جس کی صدارت پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر وجاہت حسین کریں گے۔