ایتھیلٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام اور الائیڈ بینک کے تعاون سے تین کیٹگریز میرا تھن ریس 27 ستمبر کو لاہور میں منعقد ہوگی
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام میرا تھن ریس 27 ستمبر کو لاہور میں ہوگی

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):ایتھیلٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام اور الائیڈ بینک کے تعاون سے تین کیٹگریز میرا تھن ریس 27 ستمبر کو لاہور میں منعقد ہوگی۔ اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر بریگیڈئیر( ر)وجاہت حسین نے بتایا کہ میرا تھن ریس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور ریس میں تین کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں 42 کلو میٹر، 21 کلومیٹر اور 10 کلومیٹر روڈ ریس کے مقابلے ہونگے۔ تمام مقابلوں کا آغاز اور اختتام لبرٹی چوک پر ہوگا۔ ریس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے ایتھلیٹس میں کیش ایوارڈ تقسیم کیا جائے گا۔42 کلو میٹر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کے لئے دس لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کے لئے آٹھ لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی کے لئے سات لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ 21 کلومیٹر ریس میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی کے لئے ساڑھے چھ لاکھ روپے، دوسری پوزیشن والے کھلاڑی کے لئے پانچ لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی کو چار لاکھ روپے ملیں گے اور اسی طرح 10 کلومیٹر ریس میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی کو ساڑھے تین لاکھ روپے، دوسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی کو اڑھائی لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی انعامی رقم سے نوازا جائے گا۔ ریس ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے ٹیکنیکل آفیشلز کی نگرانی میں ہوگی۔








