پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کا 22 واں اجلاس کامیابی کے ساتھ مکمل

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے حالیہ دورہ ایران کے دوران بدھ کو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے 17 معاہدوں اور پروٹوکولز پر دستخط کئے، معاہدے اور پروٹوکولز پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22 ویں اجلاس کے موقع پر کئے گئے ۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایران کی وزیر برائے سڑکیں و …

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے حالیہ دورہ ایران کے دوران بدھ کو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے 17 معاہدوں اور پروٹوکولز پر دستخط کئے، معاہدے اور پروٹوکولز پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22 ویں اجلاس کے موقع پر کئے گئے ۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایران کی وزیر برائے سڑکیں و شہری ترقی فرزانہ صادق نے کی ۔مشترکہ اقتصادی کمیشن اجلاس میں دونوں ملکوں نے 17 معاہدوں اور پروٹوکولز پر دستخط کئے جن میں فعال سرحدی مارکیٹوں کا قیام ، صحت ، ثقافت اور ویزہ میں آسانی ، ٹیرف ، سڑکوں اور ریلوے رابطوں سمیت میڈیا تعاون کے فروغ کے لیے پروٹوکولز پر دستخط کئے گئے ۔

اس کے علاؤہ حیوانی و نباتاتی کیڑوں کے خاتمے پر مشترکہ تعاون ، معدنیات ، توانائی کی ترسیل اور میری ٹائم سروسز میں تعاون کے معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے ۔ مشترکہ اقتصادی کمیشن اور پاکستان ایران بزنس فورم میں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کی بھرپور شرکت کو وفاقی وزیر نے سراہا۔ جام کمال نے آئندہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کرنے کی دعوت بھی دی۔ وفاقی وزیر نے پاک ایران اقتصادی تعاون کو خوش آئند قرار دیا ۔

اجلاس میں وزراء نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار بھی کیا ۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاک ایران معاہدے خطے میں اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے معیار زندگی کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

 

مزید خبریں