پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز کے وفد کی علامہ شیخ حسن جعفری سے ملاقات، گلگت بلتستان میں سیاحت اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز (PATO) کے وفد نے چیئرمین نیاز احمد کی قیادت میں بلتستان کے معروف عالم دین اور مرکزی جامع مسجد سکردو کے امام علامہ شیخ محمد حسن جعفری سے ملاقات کی ۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب چیئرمین جناب ناصر حسین، کرنل (ر) زاہد حسین، سید انور علی (لیلا پیک ایکسپیڈیشنز)، انجینئر محمد علی اور دیگر اراکین شامل ہوئے۔ …

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز (PATO) کے وفد نے چیئرمین نیاز احمد کی قیادت میں بلتستان کے معروف عالم دین اور مرکزی جامع مسجد سکردو کے امام علامہ شیخ محمد حسن جعفری سے ملاقات کی ۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب چیئرمین جناب ناصر حسین، کرنل (ر) زاہد حسین، سید انور علی (لیلا پیک ایکسپیڈیشنز)، انجینئر محمد علی اور دیگر اراکین شامل ہوئے۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال، بالخصوص گلگت بلتستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے حالیہ علاقائی صورتحال، خصوصاً ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ٹور آپریٹرز، بالخصوص بلتستان میں کام کرنے والوں کو درپیش خدشات سے آگاہ کیا۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے پرامن اور محفوظ ماحول کا برقرار رہنا نہایت ضروری ہے، کیونکہ یہ شعبہ مقامی معیشت کا ایک اہم ستون ہے۔اس موقع پر علامہ شیخ حسن جعفری نے کہا کہ بلتستان پاکستان کے پُرامن ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ چند عناصر نے حالیہ احتجاجی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، تاہم بلتی عوام کی بھاری اکثریت پُرامن، مہمان نواز اور ملک بھر سمیت دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کا خیرمقدم کرنے والی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ہمیں تمام مذاہب کے احترام اور مہمان نوازی کا درس دیتا ہے، اور یہی اقدار بلتستان کی ثقافت اور روایات میں نمایاں طور پر موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت مقامی لوگوں کے لیے روزگار کا ایک بڑا ذریعہ ہے، جس میں ٹور آپریٹرز، ہوٹل مالکان، ٹرانسپورٹرز، گائیڈز، پورٹرز اور دیگر متعلقہ شعبے شامل ہیں، لہٰذا اس شعبے کا تحفظ اور فروغ ناگزیر ہے۔ ملاقات اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ گلگت بلتستان کا مثبت اور حقیقی تشخص اجاگر کیا جائے گا اور سیاحت کے فروغ کے لیے پرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔