پاکستان ایس سی او کی چیئرمین شپ "وژن کو عمل میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی” کے عنوان کے تحت انجام دے گا ، وزیراعظم شہباز شریف
پاکستان ایس سی او کی چیئرمین شپ "وژن کو عمل میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی” کے عنوان کے تحت انجام دے گا ، وزیراعظم شہباز شریف

مزید خبریں
بشکیک۔1ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایس سی او ترقی اور مضبوطی کی نئی منازل طے کرتی رہے گی اور اپنے تین ارب سے زائد عوام کی زندگیوں میں بامعنی اور مثبت بہتری لائے گی۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان کی جانب سے 2027 کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی چیئرمین شپ سنبھالنے کے موقع پر انہیں بشکیک میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کے اجلاس سے خطاب کا اعزاز حاصل ہوا۔
انہوں نے کامیاب سربراہ اجلاس کے انعقاد اور تنظیم کی منفرد انداز میں قیادت کرنے پر کرغز جمہوریہ کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی سپرٹ کی رہنمائی میں ایس سی او گزشتہ 25 برسوں کے دوران علاقائی تعاون کے ایک اہم فورم کے طور پر ابھری ہے۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی ہر شکل اور ہر صورت میں مذمت کی جانی چاہئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ایس سی او ممالک کو یہ بھی یاد دلایا کہ پانی ہمارے خطے کی شہ رگ ہے اسے کبھی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہئے اور مشترکہ آبی وسائل سے متعلق معاہدوں کی روح کے مطابق پاسداری کی جانی چاہئے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی چیئرمین شپ "وژن کو عمل میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی” کے عنوان کے تحت انجام دے گا۔انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایس سی او ترقی اور مضبوطی کی نئی منازل طے کرتی رہے گی اور اپنے تین ارب سے زائد عوام کی زندگیوں میں بامعنی اور مثبت بہتری لائے گی۔








