پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف) نےقازقستان کی باکسنگ فیڈریشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دئیے

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف) نےقازقستان کی باکسنگ فیڈریشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد کھیل، قیادت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔پی بی ایف کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر اعجاز ٹنگ نے اے پی پی کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان …

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف) نےقازقستان کی باکسنگ فیڈریشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد کھیل، قیادت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔پی بی ایف کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر اعجاز ٹنگ نے اے پی پی کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ناصر اعجازٹنگ نے اعلان کیا کہ پاکستان آئندہ تھائی لینڈ مقابلے میں مرد اور خواتین باکسرز کے ساتھ شرکت کرے گاجن میں فاطمہ زہرا اور عائشہ ممتاز بھی شامل ہیں۔انہوں نے پی بی ایف کے پانچ سالہ منصوبے کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس میں جونیئر، اسکول، یوتھ، انڈر 22 اور ایلیٹ سطح کے مقابلے ضلعی سے قومی سطح تک منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

پی بی ایف نے پاکستان آرمی کے تعاون سے 17 سے 22 سال کی عمر کے باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے قومی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا ہےجس کا مقصد ابھرتے ہوئے باکسنگ ٹیلنٹ کی نشاندہی اور سرپرستی کرنا ہے،اس اقدام کے تحت نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ باکسنگ چیمپئن شپ کا انٹر ڈویژنل مرحلہ اس وقت فیصل آباد میں جاری ہے۔ناصر اعجازٹنگ نے پاکستان میں شطرنج باکسنگ (چیس باکسنگ) متعارف کرانے کی تجویز بھی دی، جس کے لیے پاکستان چیس فیڈریشن کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کھیل نوجوانوں کے لیے جسمانی اور ذہنی ورزش دونوں لحاظ سے مفید ہے۔

پی بی ایف کے صدر نے پاکستان آرمی کی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون نچلی سطح پر باکسنگ کو فروغ دینے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے نہایت اہم ہے۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سپورٹس کمپلیکس میں انڈر 17، انڈر 19 اور انڈر 22 کیٹیگریز میں تقریباً 300 مرد و خواتین باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔ پنجاب سے دو ٹیمیں منتخب کی جائیں گی جبکہ دیگر صوبوں میں بھی ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے تاکہ اگلے مرحلے کے لیے بہترین باکسرز کا انتخاب کیا جا سکے۔کامیاب باکسرز صوبائی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد نچلی سطح پر باکسنگ کو مضبوط بنانا اور مستقبل کے قومی و بین الاقوامی چیمپئنز تیار کرنا ہے۔ناصر اعجازٹنگ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی بی ایف اور پاکستان آرمی مل کرپاکستان باکسنگ کو عالمی سطح پر مسابقتی اور باوقار مقام دلانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔