پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنی دیرینہ اور مضبوط شراکت داری کو ہر شعبے میں مزید مستحکم بنانے میں پرعزم ہے، وزیرخزانہ کی برطانیہ میں پاکستان کے نو تعینات ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنی دیرینہ اور مضبوط شراکت داری کو ہر شعبے میں مزید مستحکم بنانے میں پرعزم ہے

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنی دیرینہ اور مضبوط شراکت داری کو ہر شعبے میں مزید مستحکم بنانے میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں برطانیہ میں پاکستان کے نو تعینات ہائی کمشنر ٹیپو عثمان سے ملاقات میں کہی ،ملاقات میں باہمی اقتصادی مفادات کے امور، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی و مالی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ہائی کمشنر کو نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کا وسیع سفارتی تجربہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں برطانیہ میں پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری کو مزید موثر بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، بینکاری، ترسیلاتِ زر، کیپیٹل مارکیٹس اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ پاکستان کے روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ لندن کی عالمی مالیاتی مرکز کی حیثیت سے اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے مالیاتی وسائل اور کیپٹل مارکیٹس کے اہداف کے حصول میں اس کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخزانہ نے حکومت کی جانب سے مالی وسائل کے ذرائع کو متنوع بنانے، بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک پاکستان کی رسائی کو مزید مستحکم کرنے اور ملکی مالیاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ فریقین نے ڈیجیٹل فنانس، بلاک چین پر مبنی مالیاتی حل، ورچوئل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن جیسے جدید مالیاتی ذرائع پر بھی تبادلہ خیال کیا، جنہیں پاکستان کے وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کا اہم حصہ قرار دیا گیا۔ ملاقات میں قرضوں کے موثر انتظام اور کیپٹل مارکیٹس کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا جس میں برطانیہ کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے ساتھ جاری تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ہائی کمشنر نے وزیر خزانہ کو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں سے روابط بڑھانے اور معروف مالیاتی اداروں کے اشتراک سے مستقبل میں سرمایہ کاری سے متعلق روڈ شوز کے انعقاد کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات خصوصاً ترسیلاتِ زر، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ، سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے انہوں نے برطانیہ میں قائم مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ مسلسل تعاون کو دوطرفہ اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔وزیرخزانہ نے معاشی استحکام برقرار رکھنے، مالیاتی نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانے، کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے اپنی اصلاحات کی پالیسیوں پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہونے کے حکومتی عزم کااعادہ کیا۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔ ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ اپنی دیرینہ اور مضبوط شراکت داری کو ہر شعبے میں مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، تاریخی روابط اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں اور ان میں مستقبل میں مزید وسعت اور ترقی کے بے شمار امکانات موجود ہیں۔