پاکستان بزنس فورم کا ملکی خودمختاری کے تحفظ پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم کے صدر خواجہ محبوب الرحمٰن نے ملکی سرحدوں پر دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا کاروباری طبقہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہےجنہوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی …

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم کے صدر خواجہ محبوب الرحمٰن نے ملکی سرحدوں پر دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا کاروباری طبقہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہےجنہوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں اس بات کا واضح پیغام ہیں کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کرے گا۔ چیف آرگنائزر چوہدری احمد جواد نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے ہمسایہ ممالک بشمول افغانستان کے ساتھ خیرسگالی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا ہے لیکن یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ افغان سر زمین پاکستان مخالف عناصر کے لیے پناہ گاہ بن چکی ہے۔

پاکستان نے چار دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ تعلیم دی اور روزگار بھی فراہم کیا۔ آج انہی عناصر کی حمایت سے پاکستان کے خلاف سازشیں انتہائی افسوسناک ہیں۔سینئر نائب صدر آمنہ اعوان نے کہا کہ افغان حکومت کا موجودہ رویہ خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے اور یہ رویہ نہ صرف بھائی چارے کے جذبے کے خلاف ہے بلکہ پاکستان کی سکیورٹی اور ترقی کے لیے براہ راست چیلنج ہے۔ پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین سینٹرل پنجاب ناصر ملک نے کہا کہ افواج پاکستان کی فوری اور مؤثر کارروائی ایک مضبوط پیغام ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔چیئرمین جنوبی پنجاب ملک طلعت سہیل نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور امن کے لیے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

چیئرمین خیبرپختونخوا اشفاق پراچہ نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں قومی یکجہتی اور مضبوط موقف کی اشد ضرورت ہے۔چیئرمین بلوچستان دارو خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور ملک کی تاجر برادری کسی بھی دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کا بھرپور ساتھ دے گی۔پاکستان بزنس فورم کی قیادت نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی اندرونی یا بیرونی سازش کو قوم کے ہر طبقے خصوصاً کاروباری طبقے کی مکمل حمایت کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔ ملک میں امن و استحکام ہی ترقی کی بنیاد ہے اور اس کے لیے ہم ہر محاذ پر اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔