پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا قومی بلائنڈ کرکٹرز کے ماہانہ اعزازیے میں اضافہ

"پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بصارت سے محروم قومی کرکٹرز کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کے اعتراف میں 18 قومی بلائنڈ کرکٹرز کے ماہانہ اعزازیے میں اضافہ کر دیا ہے۔”

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے بصارت سے محروم قومی کرکٹرز کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر 18 قومی بلائنڈ کرکٹرز کےماہانہ اعزازیے میں اضافہ کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی حالیہ ملکی مقابلوں میں شاندار اور مسلسل کارکردگی کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔منگل کوپاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نظرثانی شدہ اعزازیہ جولائی سے دسمبر 2026 تک 6 ماہ کے لیے پلیئر سپورٹ پروگرام کے تحت دیا جائے گا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کھلاڑیوں کی مالی معاونت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام کیٹیگریز میں ماہانہ اعزازیے میں اضافہ کیا گیا ہے۔نظرثانی شدہ اعزازیہ کے مطابق کیٹیگری اے کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 32 ہزار روپے، کیٹیگری بی کے کھلاڑیوں کو 26 ہزار روپے جبکہ کیٹیگری سی کے کھلاڑیوں کو 22 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔کیٹیگری اے میں بدر منیر اور کامران اختر شامل ہیں۔ کیٹیگری بی میں نثار علی، مطیع اللہ، محمد صفدر اور محمد راشد کو شامل کیا گیا ہےجبکہ کیٹیگری سی میں محمد شاہزیب، معین اسلم، بابر علی، نعمت اللہ، ثناء اللہ مروت، اسرار حسن، محسن خان، جنید خان، طلحہ اقبال،محمد ادریس سلیم، نعیم اللہ اور انیس جاوید شامل ہیں۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نےمنتخب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کونسل بصارت سے محروم کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور فلاح کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام کھلاڑی مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پرپاکستان کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔