برسلز۔30اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام 27 اکتوبر 1947 کے یومِ سیاہ کشمیر کی مناسبت سے …
پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا،سفیر رحیم حیات قریشی

مزید خبریں
برسلز۔30اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام 27 اکتوبر 1947 کے یومِ سیاہ کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس روز بھارتی افواج جموں و کشمیر میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئیں جس سے بھارتی قبضے اور جبر کے ایک طویل باب کا آغاز ہوا۔
تقریب میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول میں کشمیری عوام کی دہائیوں سے جاری جدوجہد، ریزیلینس اور قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد صدر مملکت اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھے گئے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا ایک ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا جس میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کی ثابت قدم سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ تقریب میں ایک دستاویزی فلم کی نمائش کی گئی جس میں کشمیر کے یوم سیاہ کے تاریخی اور سیاسی سیاق و سباق کو پیش کیا گیا اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی کے ڈاکٹر علی شیرازی، صدر کشمیر فورم بیلجیم چوہدری نصیر اور چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام نا ممکن ہے.
سفارتخانے نے ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا جس میں کشمیری عوام کی استقامت اور انصاف کے لیے ان کی جدوجہد کو دکھایا گیا. تقریب کا اختتام امن، انصاف اور کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے دیرپا حل کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔








