پاکستان تھائی لینڈ باہمی تجارت کا حجم 1.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے،تھائی سفیر

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر چکرد کراچائیوانگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کی باہمی تجارت کا حجم1.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

تھائی لینڈ کے 95ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال ستمبر میں دونوں ممالک کا باہمی تجارت ریکارڈ حد تک بڑھ گیا اور گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال پاکستان اور تھائی لینڈ کی دوطرفہ تجارت میں چھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کا دورہ کرنے والے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے اراکین کی جانب سے پھوکت میں دو ہوٹلوں کی خریداری پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے جو باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالہ سے ایک اچھی علامت ہے۔

تھائی لینڈ کے سفیر نے مزید کہا کہ تھائی لینڈ اور پاکستان اپنے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ منا رہے ہیں تاہم ہمارے دو طرفہ تعلقات دو ہزار سال سے بھی پرانے ہیں۔

تھائی سفیر نے کہا کہ ایک دوست ملک ہونے کی حیثیت سے تھائی لینڈ پاکستان اور تھائی لینڈ کے عوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے عوام کے فائدہ کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہا ہے۔

عوامی رابطوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھائی ایئرویز نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی جیسے بڑے شہروں کے علاوہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں براہ راست پروازیں بحال کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوران ہفتہ ایک پرواز کے مقابلہ میں اس وقت دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے تھائی لینڈ پاکستانی سیاحوں کی میزبانی پر فخر محسوس کرتا ہے۔ آسیان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ دیگر رکن ریاستوں کی مدد سے پاکستان کے ساتھ کثیر الجہتی تعاون کے فروغ کیلئے کام کررہا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں آسیان ڈیسکس قائم کئے گئے ہیں تاکہ کاروباری برادری کو معاونت فراہم کی جاسکے جو آسیان ممالک میں کاروبار کی خواہش رکھتے ہیں۔

قومی دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تھائی لینڈ کے سفیر نے کہا کہ 5 دسمبر تھائی عوام کی زندگیوں میں بڑی اہمیت کا حامل دن ہے جس کو تھائی لینڈ کے قومی دن اور مرحوم بادشاہ بومی بول کی برسی کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 دسمبر کو اقوام متحدہ کے زیراہتمام زمین کا عالمی دن بھی منایا جاتا ہے ۔