پاکستان جون 2023ء میں دستخط کیے گئے پاکستان-کویت دفاعی تعاون معاہدے کی حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان جون 2023ء میں دستخط کیے گئے پاکستان-کویت دفاعی تعاون معاہدے کی حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان جون 2023ء میں دستخط کیے گئے پاکستان-کویت دفاعی تعاون معاہدے کی حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتا ہے۔بدھ کوکویت کی جانب سے پاکستان-کویت دفاعی تعاون معاہدہ 2023 کی توثیق سے متعلق ذرائع ابلاغ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئےترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ یہ پیش رفت دونوں برادر ممالک کے درمیان 1980ء کی دہائی کے اوائل سے قائم دیرینہ دفاعی شراکت داری میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

یہ دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ وہ دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کریں گے اور اپنی سلامتی سے متعلق شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔یہ معاہدہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے ایک جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے جس میں فوجی تربیت اور تعلیم، مشترکہ مشقیں، مہارتوں اور تجربات کا تبادلہ اور باہمی اتفاق سے طے پانے والے دیگر شعبہ جات میں تعاون شامل ہے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا اور پاکستان اور کویت کے مابین دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور کویت معاہدے کی شقوں کے مطابق اس پر موثر عمل درآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے جس کے ذریعے دوطرفہ دفاعی اشتراک کو وسعت ملے گی، باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون پر مبنی دیرپا دفاعی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔