پاکستان حج مشن نے مشاعر مقدسہ کے لیے ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا

پاکستان حج مشن نے سعودی عرب میں شدید گرمی کے پیشِ نظر عازمینِ حج کے لیے ایک جامع صحتِ عامہ اور آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کا مقصد مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ (منیٰ، عرفات، مزدلفہ) میں قیام کے دوران زائرین کو ہیٹ اسٹروک، ڈی ہائیڈریشن اور دیگر طبی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔

مکہ مکرمہ۔23مئی (اے پی پی):پاکستان حج مشن نے سعودی عرب میں شدید گرمی کے پیشِ نظر عازمینِ حج کے لیے ایک جامع صحتِ عامہ اور آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کا مقصد مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ (منیٰ، عرفات، مزدلفہ) میں قیام کے دوران زائرین کو ہیٹ اسٹروک، ڈی ہائیڈریشن اور دیگر طبی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ مشن کی جانب سے عازمین کے لیے خصوصی گائیڈ لائنز اور نقشے جاری کیے گئے ہیں تاکہ مناسک کی ادائیگی کے دوران وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچ سکیں۔وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عازمینِ حج کی صحت اور حفاظت حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس سال حج کے پانچ دنوں کے دوران شدید ترین گرمی کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر عازمینِ حج بالخصوص شوگر، بلڈ پریشر اور دل کے عارضے میں مبتلا مریضوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنا چاہیے۔ عمر بٹ نے حجاجِ کرام پر زور دیا کہ وہ گروپ بندی کے شیڈول کی سختی سے پابندی کریں اور سعودی حکام کی جانب سے دیے گئے رہنما اصولوں کے مطابق ہی اپنی نقل و حرکت کو یقینی بنائیں۔پاکستان حج مشن کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں عازمین کو طبی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے سرکلر کے مطابق ایامِ حج میں درجہ حرارت 45°C سے 50°C تک پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ دوپہر کے وقت خیموں سے باہر نہ نکلیں، سایہ دار جگہوں پر رہیں، چھتری کا استعمال لازمی کریں اور پانی و دیگر مشروبات کا کثرت سے استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی (ڈی ہائیڈریشن) نہ ہو۔ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے شوگر اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ اپنی ادویات وقت پر لیں اور گرم سطح پر ننگے پاؤں چلنے سے بالکل گریز کریں تاکہ پاؤں میں زخم نہ بنیں۔ طبیعت خراب ہونے کی صورت میں وہ فوری طور پر قریبی پاکستانی یا سعودی میڈیکل ٹیم سے رابطہ کریں۔

 

مزید خبریں