پاکستان خود مختار ڈیفالٹ کے خطرے میں کمی کے لحاظ سے دنیا بھر میں دوسری بہترین بہتری لانے والی معیشت کے طور پر ابھرا ہے،خرم شہزاد

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ اپنے ڈیفالٹ کے خطرے کو کم کرنے کے حوالے سے پاکستان نے ایک قابل ذکر تبدیلی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے والے ممالک میں جگہ بنا لی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کیے گئے تازہ ترین ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی ایس سے ماخوذ ڈیفالٹ کے امکان کے حوالے …

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ اپنے ڈیفالٹ کے خطرے کو کم کرنے کے حوالے سے پاکستان نے ایک قابل ذکر تبدیلی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے والے ممالک میں جگہ بنا لی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کیے گئے تازہ ترین ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی ایس سے ماخوذ ڈیفالٹ کے امکان کے حوالے سے پاکستان خود مختار ڈیفالٹ کے خطرے میں کمی کے لحاظ سے دنیا بھر میں دوسری بہترین بہتری لانے والی معیشت کے طور پر ابھرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ (جون 24 سے ستمبر 25 تک) میں خود مختار ڈیفالٹ کے خطرے میں سب سے تیزی سے کمی ریکارڈ کرنے والے ملک کے طور پر پاکستان عالمی ابھرتی ہوئی منڈیوں کی درجہ بندی میں ترکیہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پاکستان واحد ملک ہے جس نے گزشتہ سال مسلسل سہ ماہی بہتری دکھائی ہے، اور اس دوران ڈیفالٹ کے امکان میں 2,200 بنیادی پوائنٹس کی نمایاں کمی آئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ کمی بڑی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں سب سے زیادہ ہے، جو جنوبی افریقہ (3%) اور ایل سیلواڈور (2%) سے آگے ہے۔خرم شہزاد نے بتایا کہ اس کے برعکس ارجنٹائن، مصر، نائیجیریا اور دیگر ممالک میں ڈیفالٹ کے خطرات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دیوالیہ ہونے کے خدشات میں اس تیزی سے کمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مضبوطی کی علامت ہے، جس کی وجہ میکرو اکنامک استحکام، ڈھانچہ جاتی اصلاحات، بروقت قرض کی ادائیگی، آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد اور ایس اینڈ پی، فچ اور موڈیز کی جانب سے مثبت درجہ بندیوں جیسے اقدامات ہیں۔