پاکستان ریلوے کوئٹہ تفتان ریل ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کے حوالہ سے فزیبلیٹی سٹڈی مکمل کر چکا ہے، کوئٹہ تفتان ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہوں گے، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ایرانی سفیر سیّد محمد علی حسینی سے ملاقات میں گفتگو

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ایرانی سفیر سیّد محمد علی حسینی سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں ایران کے سفیر سیّد محمد علی حسینی نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان ریل کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے کوئٹہ تفتان ریل ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کے حوالہ سے فزیبلیٹی سٹڈی مکمل کر چکا ہے، کوئٹہ تفتان ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہوں گے، پراجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمدورفت اور تجارت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت منظور ہونے والے ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کا انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ سی پیک منصوبہ کے تحت پاکستان اور ایران کے درمیان ریل تعاون کو زیادہ تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ اکنامک کوورڈینیشن آرگنائزیشن (ای سی او) کے تحت پاکستانـایرانـترکی فریٹ ٹرین کے حوالہ سے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ریلوے اور ایران ریل کے درمیان شراکت داری کے باہمی منصوبوں میں تیزی لانے کے لئے چیئرمین ریلوے کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ایرانی سفیر نے شیخ رشید احمد کو ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ محمد اسلامی کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔ انہوں نے یوم آزادی پاکستان پر وزیر ریلوے کو پیشگی مبارکباد دی۔