
اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھرکی مسیحی برادری نے منگل کوحضرت عیسیٰ کے یوم پیدائش کرسمس کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام سے منایا۔دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میںبھی اس حوالے سے خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مسیحی برادری نے دن کا آغاز گرجا گھروں میں خصوصی دعائوں سے کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ مسیحی برادری نے کرسمس کے موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ مسیحی برادری نے اپنے گھروں اور مذہبی مقامات کو خوبصورتی سے سجایا تھا جبکہ مسیحی کالونیوں کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ کرسمس کے تہوار کے موقع پر کرسمس ٹریز بھی سجائے گئے تھے جبکہ اس موقع پر مسیحی برادری کی جانب سے تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔