پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کاسیالکوٹ ، فیصل آباد سمیت نئے دفاتر کھولنے کا فیصلہ

لاہور۔4دسمبر (اے پی پی): پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے صنعتی شہروں سیالکوٹ اور فیصل آباد میں بھی اپنے نئے دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ملک کے سرحدی علاقوں تفتان، چمن،خضدار،تربت اور حب میں بھی دفاتر کھولے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل زین العابدین نے ایک اتوار کو یہاں آن لائن میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے دفاتر کا قیام ایک تاریخی فیصلہ ثابت ہوگا،صنعتکاروں کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کاتسلسل ہے اور پاکستان میں انٹرنیشنل معیار کے مطابق اشیا کی تیاری میں مدد فراہم کی جائے گی۔

ڈی جی کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کوالٹی کلچر کا فروغ ہی ادارے کی ذمہ داری ہے اورسرحدی علاقوں میں قائم کئے جانیوالے دفاتر کی مدد سے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ملک میں معیاری اشیا کی آمد یقینی بنائی جائے گی۔

زین العابدین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 2019میں برخاست کئے گئے بی پی ایس 1 سے19تک کے 53 افسران کو بحال کرنے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔

انہوں نے افسران سے کہا کہ صنعتکاروں اور تاجروں سے مظبوط تعلقات کے ذریعے ان کو ہر ممکن تکنیکی سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ انٹر نیشنل معیار کے مطابق اشیا تیار کرکے میڈ ان پاکستان کو ایک برانڈ بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کوالٹی کلچر کے فروغ کیلئے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ادارے کواپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے،غیر معیاری اور غیر قانونی اشیا کی مارکیٹ میں موجودگی کسی صورت قبول نہیں۔ڈی جی نے افسران کو ایسی اشیا کیخلاف سخت ایکشن کا حکم بھی جاری کیا۔