لندن۔8دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو دنیا کی نمبر ون ٹی20 لیگ بنانا ان کا بنیادی مشن ہے جس کے لیے ملکی کرکٹ انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں جدید ترین، عالمی سہولتوں سے آراستہ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے …
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو دنیا کی نمبر ون ٹی20 لیگ بنانا بنیادی مشن ہے ،محسن نقوی

مزید خبریں
لندن۔8دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو دنیا کی نمبر ون ٹی20 لیگ بنانا ان کا بنیادی مشن ہے جس کے لیے ملکی کرکٹ انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں جدید ترین، عالمی سہولتوں سے آراستہ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا جبکہ مظفرآباد میں بھی بین الاقوامی معیار کا نیا کرکٹ اسٹیڈیم بنایا جائے گا۔ وہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے تاریخی پی ایس ایل لندن روڈ شو سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کو لمیٹڈ کمپنی بنانے کی منظوری کے بعد اسے مارکیٹ میں لانے کے لیے آئی پی او بھی جاری کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر سے پی ایس ایل 11 کے آغاز تک ملک بھر کے تمام وینیوز پر شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی کنسرٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ لیگ کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کیا جا سکے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل اب ایک مستحکم بین الاقوامی برانڈ کے طور پر سامنے آ رہا ہے اور اس کی عالمی براڈکاسٹ ریچ میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اسی سلسلے میں پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کا نیا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پی سی بی نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم PCB Live بھی لانچ کر دیا ہے۔ محسن نقوی نے ٹورنامنٹ کے انعامی ڈھانچے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایس ایل 11 کی فاتح ٹیم کے لیے 5 لاکھ ڈالر جبکہ رنرز اپ ٹیم کے لیے 3 لاکھ ڈالر کا انعام مقرر کیا گیا ہے۔ بہترین کرکٹ ڈویلپمنٹ کرنے والی فرنچائز کو 2 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت جاری ہے۔ روڈ شو کے دوران منعقدہ پینل ڈسکشن میں لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم، سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر بھی شریک تھے۔








