انگلینڈ کے سائیکلسٹ میتھیو رابرٹسن نے کامن ویلتھ گیمز میں مردوں کی 3000 میٹر انفرادی پرسیوٹ (سی 1-سی 3) میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔
کامن ویلتھ گیمز ،میتھیو رابرٹسن نے گیمز ریکارڈ کے ساتھ سائیکلنگ میں طلائی تمغہ حاصل کرلیا
گلاسگو ۔3اگست (اے پی پی):انگلینڈ کے سائیکلسٹ میتھیو رابرٹسن نے کامن ویلتھ گیمز میں مردوں کی 3000 میٹر انفرادی پرسیوٹ (سی 1-سی 3) میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔بی بی سی کے مطابق 27 سالہ سائیکلسٹ میتھیورابرٹسن نے صبح کے کوالیفائنگ سیشن میں ہی نیا ریکارڈ بنایا تھا، جسے بعد میں سکاٹ لینڈ کے فن گراہم نے توڑ کر فائنل کے لئے سنسنی خیز مقابلہ طے کر دیا۔
تا ہم فائنل میں میتھیو رابرٹسن نے 3 منٹ 22.597 سیکنڈ کا نیا ریکارڈ بنا کر اپنے حریف پر شدید دباؤ ڈالا اور سونے کا تمغہ حاصل کیا۔دیگر مقابلوں میں آئل آف مین کے میتھیو بوسٹاک نے مردوں کی 40 کلومیٹر پوائنٹس ریس میں آسٹریلیا کے اولیور بلیڈن کو شکست دے کر 2006 کے بعد اپنی سرزمین کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتا۔
مردوں کے 1000 میٹر ٹائم ٹرائل میں انگلینڈ کے جو ٹرومین نے سلور میڈل حاصل کیا جبکہ آسٹریلیا کے لی ہوفمین نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔خواتین کے سی 4-سی 5 1000 میٹر ٹائم ٹرائل میں انگلینڈ کی 35 سالہ کے ڈی نا کاکس نے کیریئر کا پہلا کامن ویلتھ میڈل جیتتے ہوئے سلور اپنے نام کیا۔ اس مقابلے میں آسٹریلیا کی تارا نیلینڈ نے 1 منٹ 09:667 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ کر گولڈ میڈل جیتا۔ کاکس نے اس کامیابی کو اپنے مستقبل کے اہداف اور لاس اینجلس اولمپکس کی تیاریوں کے لیے اہم قرار دیا۔









